دبئی (آئی این پی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ ڈیوواٹمور نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ میں کسی بھی عہدے پر زیادہ دیر فائز رہنابہت مشکل ہے، پاکستانی صرف جیت چاہتے ہیں،پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، مناسب مواقع نہ ملنے کے باعث کھلاڑی ضائع ہو جاتے ہیں،مصباح الحق ٹیم سلیکشن میں کھلاڑیوں کی بھرپوروکالت کرتے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں ڈیوواٹمور نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ہمیشہ غیر یقینی کی صورتحال سے دوچار رہتی ہے جس ملک میں 9 سال کے اندر11 چیئرمینز اور 7سال میں 10 کوچ تبدیل ہوئے ہوں وہاں کسی بھی پوزیشن پر زیادہ دیرفائز رہنا بہت مشکل ہوتا ہے۔پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ٹیلنٹ گلی محلوں میں ضائع ہو رہا ہے، مناسب مواقع نہ ملنے کے باعث کھلاڑی ضائع ہو جاتے ہیں۔پاکستانی کھلاڑی فٹنس مسائل سے دوچار رہتے ہیں۔ ڈومیسٹک کرکٹ کا ڈھانچہ کمزور ہونے کے باعث قومی کھلاڑیوں کا بیک اپ نہیں جب تک ہر کھلاڑی کا ایک سے دو بیک اپ نہیں ہو گا کارکردگی نہیں آئے گی۔ میڈیا کسی بھی کھلاڑی کا کیریئر بنا اور ختم کر سکتا ہے۔