حکومت اور فوج ایک ہی صفحہ پر ہیں: عابد شیر‘ بیان نیک شگون نہیں: سینیٹر عبدالنبی،لمحہ فکریہ ہے: ظفر علی شاہ

Apr 08, 2014

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، اے این این) مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے بیان پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے، بعض رہنماؤں کے مطابق بیان اندرونی سکیورٹی پر اپنے ادارے کے تحفظات کا اظہار ہو سکتا ہے۔ بعض رہنماؤں کی رائے میں آرمی چیف کا براہ راست بیان ملک کیلئے نیک شگون نہیں۔ وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا کہ آرمی چیف کے بیان کی کوئی سیاسی وجہ نہیں یہ داخلی سکیورٹی پر اپنے ادارے کے تحفظات کا اظہار ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء نے فوج پر تنقید نہیں کی، جماعت بنا کر سیاست کرنے والے شخص پر تنقید سے کوئی نہیں روک سکتا۔ فوج پر ہمیں فخر ہے جو ملک کی حفاظت کیلئے جانیں قربان کرتی ہے تمام اداروں کو اپنے دائرے میں رہ کر جمہوریت کو مضبوط کرنا چاہیے۔ پاک فوج مقدس ادارہ ہے۔ حکومت اور فوج ایک  ہی صفحے پر ہیں۔ پیپلز پارٹی کے ایم این اے نواب یوسف تالپور نے کہا کہ پرویز مشرف اب فوج کے سربراہ نہیں رہے، وہ ریٹائر ہو چکے ہیں، ہر آدمی کو حق ہے کہ وہ آئین و قانون کی بات کرے۔ پرویز مشرف نے آئین شکنی کی ان کے خلاف کیس چلنا چاہیے۔ تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہم فوج کی عزت کرتے ہیں، فوج میری ہیرو ہے لیکن پرویز مشرف کے حوالے سے میری رائے مختلف ہے۔ فوج کو بھی پرویز مشرف پر تنقید اور ادارے پر تنقید کو الگ کرنا چاہیے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر عبدالنبی بنگش نے کہا کہ آرمی چیف کا براہ راست بیان ملک کے لئے نیک شگون نہیں۔ اگر آرمی چیف یا مسلح افواج کو کسی معاملے پر تحفظات تھے تو اس کا اظہار وزیراعظم سے کیا جاتا۔ میں نہیں سمجھتا کہ وزیراعظم کسی کی جائز بات کو رد کر سکتے ہیں۔ وزیراعظم ایسے شخص نہیں جو آرمی چیف کی شکایت دور نہ کرتے۔ ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے کہا کہ نواز شریف ماضی کی غلطیاں نہ دہرائیں۔ پرویز مشرف کو جانے دیں اور دیگر مسائل پر توجہ دیں۔ فوج کے سربراہ کو سابق آرمی چیف کا خیال رکھنا ہوتا ہے۔ جمشید دستی نے کہا کہ حکومت اور فوج طالبان اور مشرف کے معاملے پر ایک صفحے پر نہیں ہیں۔آن لائن کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینیٹر ظفر علی شاہ نے کہا ہے کہ آرمی چیف کا بیان لمحہ فکریہ ہے‘ جمہوریت کے دور سیاستدانوں اور عدلیہ کو دھمکیاں دینا مناسب نہیں۔ پاک فوج کو سیاستدان نہیں بلکہ سابق آرمی چیف ان کے وکلاء  اور حمایتی بدنام کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں