پشاور (نوائے وقت رپورٹ) شمالی وزیرستان میں طالبان کی اعلیٰ اور سیاسی شوریٰ کا اہم اجلاس ہوا۔ ترجمان کالعدم تحریک طالبان شاہد اللہ شاہد نے کہا ہے حکومت کا طالبان کے غیرعسکری ساتھیوں کی رہائی کا دعویٰ غلط ہے، حکومت کی جانب سے ہمارے کسی ساتھی کی رہائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ حکومت کس کو رہا کر رہی ہے ہمیں کچھ نہیں معلوم۔ ساتھیوں کی رہائی پر ہماری کمیٹی کو کیوں اعتماد میں نہیں لیا جا رہا، انہوں نے انکشاف کیا یوسف رضا گیلانی اور سلمان تاثیر کے بیٹے ہمارے پاس نہیں۔ اجمل خان ہمارے پاس ہیں، حکومت کو 3شرائط پیش کیں جن میں سے ایک پر بھی عمل نہیں ہوا۔ غیرعسکری قیدیوں کی رہائی، فری پیس زون، ساتھیوں کا قتل عام روکنا مطالبات ہیں، یہ نہیں مانے جاتے تو جنگ بندی کو مزید توسیع دینا مشکل ہو گا۔ ساتھیوں کی بوری بند نعشیں اور گرفتاریاں روز کا معمول ہے، حکومت کو امن کا تحفہ دے رہے تھے بدلہ ساتھیوں پر تشدد کی شکل میں سامنے آ رہا ہے۔ گمنام لوگوں کی رہائی اور ساتھیوں کی گرفتاری، حکومت نے اچھا مذاق کیا ہے۔