اسلام آباد( آن لائن ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی موجودگی میں ایوان کے اندر تحریک انصاف کے خلاف جملے بازی افسوسناک ہے لیکن پارلیمنٹ میں آکر اسمبلی کو جعلی کہنا عمران خان کا بھی دہرا معیار ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت کا کردار پارلیمنٹ کو احسن انداز سے چلانا ہے گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیر اعظم کی موجودگی میں تحریک انصاف کے خلاف جملے کسے گئے تاہم پارلیمنٹ میں آکر اسمبلی کو جعلی کہنا عمران خان کا بھی دہرا معیار ہے عمران خان کو اب ایسی باتیں زیب نہیں دیتیں اور ہم چاہتے ہیں نظام چلتا رہے ورنہ جمہوریت ہاتھ سے نکل جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اتحاد میں تحریک انصاف کی مخالف جماعتیں ہیں اس لئے تحریک انصاف کو اپوزیشن اتحاد میں شامل کرنا ممکن نہیں۔ جب تک اتحادی راضی نہیں ہونگے پی ٹی آئی کو اپوزیشن اتحاد میں شامل نہیں کرینگے۔ تحریک انصاف کی اپنی سیاست ہے لیکن سیاست میں سولو فلائٹ نہیں ہو سکتی۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی موجودگی میں تحریک انصاف کی ایوان آمد پر نعرے بازی افسوسناک ہے۔ وزیراعظم کا کردار پارلیمنٹ کو فعال طریقے سے چلانا ہے۔
تحریک انصاف کو اپوزیشن میں شامل کرنا ممکن نہیں، پارلیمنٹ آکر اسمبلی کو جعلی کہنا عمران کا د وہرا معیار ہے: خورشید شاہ
Apr 08, 2015