لاہور(وقائع نگار خصوصی)ہائیکورٹ نے سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال کے بطور قائم مقام گورنر کی تقرری کی حیثیت کو چیلنج کر نے اورمستقل گورنر پنجاب کی تقرری کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت سات مئی تک ملتوی کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو اس عر صہ میں پنجاب میں مستقل گورنر کی تقرری کیلئے مہلت دیدی۔ درخواست گذار نے کہا کہ پنجاب میں گورنر کا آئینی عہدہ کئی ماہ سے خالی ہے اور سپیکر پنجاب اسمبلی قائم مقام گورنر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔ مستقل گورنر تعینات نہ کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے۔ عدالت عالیہ اس سے قبل بھی گورنر کی تقرری پر جواب طلب کر چکی ہے لیکن حکومت کی جانب سے ٹال مٹول سے کام لیا جارہا ہے۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وزیراعظم یمن کی صورتحال میں مصروف ہیں جس وجہ سے گورنر پنجاب کی تعیناتی نہیں ہوسکی جس پر عدالت نے کہا کہ اتنی بڑی آبادی میں گورنر پنجاب نہیں مل رہا۔ ہائیکورٹ نے 7 مئی تک مہلت دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اگر آئندہ سماعت تک گورنر پنجاب کی تعیناتی عمل میں نہ آئی تو پھر سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن کو طلب کیا جائیگا۔