چکوال + ٹیکسلا+ لاہور (نامہ نگار+ خصوصی رپورٹر+ آئی این پی) موٹر وے پر سالٹ رینج کے علاقے میں چکوال سے سرگودھا جانے والی ویگن بریک فیل ہو جانے سے ٹریلر سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں 4 مسافر جاں بحق اور 12 شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کو ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال پہنچایا جہاں سے تشویشناک حالت کے پیش نظر اُنہیں راولپنڈی منتقل کر دیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں خضرحیات منڈی بہائوالدین، چودھری احمد سعید سرگودھا، غلام فاطمہ زوجہ حسین بخش سدوال، مقصودہ رانی زوجہ افتخار چاولی شامل ہیں۔ زخمیوں میںاظہر حسین ، گل خان، ایاز احمد، منظور، آسیہ بیگم، ندا بیگم، مہرالنسائ، فرحانہ ناز،اعجاز حسین، محمد اسحاق اور افتخار شامل ہیں۔ ویگن LWN-2399 خطرناک موڑوں پر بریک فیل ہو جانے سے اپنے آگے جانے والے سیمنٹ لدے ٹریلر TLH-232 سے ٹکرا گئی تھانہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایم پی اے چودھری لیاقت علی خان زخمیوں کی عیادت اور مرنے والوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچ گئے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ شہبازشریف نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق ہونیوالے مسافروں کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے دعا کی اللہ تعالیٰ مرحومین کی ارواح کو جوار رحمت میں جگہ دے۔ انہوں نے زخمیوں کے ہرممکن علاج کی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ دوسری جانب ٹیکسلا خان پور جاتے ہوئے مسافر بس پل سے نیچے جا گری ہے جس کے نتیجے میں 25افراد زخمی ہو گئے، بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔