کوئٹہ (آئی این پی) جمعیت علماء اسلام (ف)کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفے دینے والے ’’عدت‘‘ گزرنے کے بعد نئے انتخابات کے ’’حلالہ‘‘ کے بغیر اسمبلی میں بیٹھ نہیں سکتے، سپیکر خود آئین اور قوانین کو پامال کرنے کا مرتکب ہو تو پھر پارلیمنٹ ’’بازیچہ اطفال‘‘ بن کر رہے گی، مستعفی ہونے والے ارکان پارلیمنٹ قوم سے معافی مانگیں۔گزشتہ روز اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں پارٹی کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی سے استعفیٰ دینے والوں نے ایوان میں آ کر اپنے استعفے کی تردید کی، اگر نہیں تو سپیکر کو یہ حق نہیں دیا جا سکتا کہ وہ اپنی نشست بچانے کے چکر میں آئین اور قوانین پہ رولز چلائیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی تاریخ میں اس قسم کے ’’یوٹرن‘‘ کو بعض لوگ تو ’’تھوک کر چاٹنے‘‘ کے مترادف قرار دے رہے ہیں لیکن ہم یہ انداز و بیان قطعاً استعمال نہیں کریں گے، بلکہ توقع رکھیں گے کہ استعفے دینے والے بڑے پن کا ثبوت دے کر اپنی غلطی کا اعتراف کر کے پاکستانی عوام سے معافی مانگیں، پاکستانی عوام معاف کرنے میں بخل سے کام نہیں لیتی۔