پانامہ میں ٹمپر نگ ہو سکتی ہے:رانا ثنا

لاہور+ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ آئی این پی) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ حسین نواز، حسن نواز اور مریم نواز تحقیقات کیلئے تیار ہیں، چند نام نہاد عوامی لیڈر قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، جنوبی پنجاب کے علاقوں میں رینجرز، سی ٹی ڈی اور پولیس دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کر رہی ہیں۔ فوج بیک اپ سپورٹ کر رہی ہے، عمران کے پاس ٹھوس شواہد ہیں تو عوام کے سامنے لائیں، وہ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے، وزیر قانون نے کہا پانامہ لیکس پاکستان اور چین کے خلاف ہیں حکومت پاکستان ہر قسم کے مسائل کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی، حسین نواز، حسن نواز اور مریم نواز نے سعودی بینک سے قرضہ لے کر کاروبار شروع کیا۔ ملک کا پیسہ باہر نہیں لے گئے۔ تحریک انصاف ایک ایسا گھوڑا بن چکی ہے جس پر کوئی شرط لگانے کیلئے تیار نہیں۔ کراچی والوں کو اب نیا گھوڑا مل گیا۔ وزیر اعظم کے بچے ہر قسم کی انکوائری کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا وزیر اعظم کا قوم سے خطاب ایک مثبت قدم ہے۔ شیطانی لیکس کے پیچھے کوئی بین الاقوامی سازش ہو سکتی ہے اور یہ سازش چین کے خلاف بھی ہو سکتی ہے۔ پانامہ پیپرز میں ٹمپرنگ بھی ہو سکتی ہے، یہ چوری شدہ مواد ہے، جس کی ذمے داری لینے والا کوئی نہیں۔ قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا ہے کہ الیکشن کمشن میں تحریک انصاف کے خلاف غیرملکی فنڈنگ کا کیس ہے، الیکشن کمشن کو تنقید کا نشانہ بنانے والے اب خود چھپتے پھر رہے ہیں۔ الیکشن کمشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے باہر سے پیسہ لے کر پاکستان کی ساکھ کو ٹھیس پہنچائی۔ عمران قوم سے سچ بولیں۔ عمران خان مرد بنیں اور الیکشن کمشن میں غیر ملکی فنڈنگ کیس میں پیش ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بلی بن کر خیبر پی کے میں صرف چوہوں کا شکار کر سکتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن