پاکستان علماء کونسل کے زیراہتمام ’’یوم یکجہتی مظلومین شام‘‘ منایا گیا

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر شامی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ’’یوم یکجہتی مظلومین شام‘‘ منایا گیا۔ جمعہ کے اجتماعات میں علمائ، خطبائ، آئمہ نے شام کی مظلوم عوام کیلئے خصوصی دعائیں کروائیں۔ بے گناہ معصوم شامیوں پر ہونے والے مظالم کیخلاف مذمتی قرار دادیں منظور کی گئیں۔ مقررین نے کہا کہ امریکہ کے بعد دنیا کا سب سے بڑاظالم شخص بشار الاسد ہے۔ معصوم شامی بچوں پر کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال بشار الاسد کی درندگی کا واضح ثبوت ہے۔ شام کی عوام پر ہونے والے مظالم کیخلاف عالمی اسلامی قیادت کو اپنا کردار اداکرنا ہو گا۔ عالمی دنیا اور انسانی حقوق کے اداروں کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے۔ جمعہ کے اجتماعات کے بعد علمائ، خطبائ، آئمہ نے شامی عوام پر ہونے والے مظالم کی شدید مذمت کرتے کہا کہ آج امت محمدیہؐ کو تقسیم کرنے کیلئے سازشیں کی جارہی ہیں اور اسلامی ممالک میں فساد پیدا کرنے کیلئے اسلام کے نام پر فتنوں کو ابھارا جارہا ہے۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے اسلام آباد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی دنیا نے شام کی عوام پر ہونے والے مظالم پر اپنی خاموشی کو نہ توڑی تو شام کی تباہی کے اثرات پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتے ہیں۔ پاکستانی قوم شام کے مظلوموں کے ساتھ ہے۔ اقوام متحدہ اور اسلامی سربراہی کانفرنس شام میں ہونے والے مظالم پر فوری ایکشن لیں۔ شام کے مسلمانوں کی نسل کشی کو رکوانے کیلئے پاکستان اور سعودی عرب کو قائدانہ کردار ادا کرنا چاہئے۔

ای پیپر دی نیشن