مفاد کی خاطر بھارت بنگلہ دیش ایک، وزیراعظم حسینہ واجد دہلی پہنچ گئیں

نئی دہلی (صباح نیوز) بھارت سے دفاعی اور سول جوہری تعاون کے حصول کے لئے بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد 4 روزہ دورے پر نئی دہلی پہنچ گئی ہیں۔ دونوں ممالک کا میڈیا شیخ حسینہ واجد کی بھارتی ہم منصب سے ملاقات کو باہمی تعلقات میں اہم پیش رفت قرار دے رہا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق حسینہ واجد جو 9 برس سے وزیراعظم ہیں، وہ 7 برس بعد بھارت کے دورے پر پہنچی ہیں۔ بنگلہ دیش کی اپوزیشن جماعتیں ان کی حکومت کو پہلے ہی بھارت نواز قرار دیتی ہیں۔ اس دورے میں حسینہ واجد نریندر مودی، صدر پرناب مکھرجی اور سونیا گاندھی سے ملاقات کریں گی۔ مودی بنگلہ دیشی افواج کے لئے 500 ملین ڈالر کی عسکری امداد کا اعلان بھی کریں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان 25 اہم معاہدے ہوں گے جن میں بنگلہ دیشی ریلوے نظام میں بہتری،600 سو میگا واٹ بجلی کی ڈھاکا کو فراہمی، بنگلہ دیشی دریا کوشیارا اور بھارتی دریا جمنا پر آبی گزرگاہ کے قیام اور ڈھاکہ و کلکتہ کے درمیان ہفتے میں 4 ٹرین چلانے جیسے نکات شامل ہیں۔دونوں ممالک کے د رمیان تجارتی حجم 5 اعشاریہ 34 بلین ڈالر ہے جس سے بنگلہ دیش کو سب سے کم فائدہ ملتا ہے۔ شیخ حسینہ واجد جنرل مانک شاہ سینٹر میں بھارت کی جانب سے 71 کی جنگ میں جان دینے والے فوجیوں کے اعزاز میں تقریب میں بھی شریک ہوں گی۔ ایسی ایک تقریب دو برس قبل بھارتی وزیراعظم کے دورے کے موقع پر ڈھاکہ میں بھی ہوئی تھی جس میں انہوں نے بنگلہ دیش کی پاکستان سے علیحدگی میں بھارتی افواج کے کردار کو سراہا تھا۔

ای پیپر دی نیشن