کوئٹہ+ کشمور + بہاولپور + گجرات (بیورو رپورٹ‘ نوائے وقت رپورٹ + نامہ نگاران) ٹریفک حادثات میں 19 افراد جاں بحق جبکہ 31 سے زائد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے لک پاس کے قریب بٹ الٹنے سے 9 افراد جاں بحق‘ 29 زخمی ہو گئے۔ جمعہ کو کراچی سے کوئٹہ آنے والی بس لکپاس کے مقام پر ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گئی جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت 9 افراد جاں بحق ہو گئے۔ 25 زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ جبکہ 4 زخمیوں کو بی ایم سی منتقل کر دیا گیا۔ کشمور میں ٹریکف حادثے میں تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ بس پشاور سے کراچی جا رہی تھی۔ بہاولپور سے نامہ نگار کے مطابق 35 سالہ ارشاد موٹرسائیکل پر اپنی بیوی فاطمہ اور 12 سالہ بیٹی رضیہ اور 8 سالہ نادیہ کے ہمراہ احمد پور سے بہاولپور آرہا تھا کہ بائی پاس اور گلستان ٹیکسٹائل ملز کے قریب خاتون نور فاطمہ کا برقعہ پہئے میں پھنس جانے سے موٹرسائیکل گر پڑی اور پیچھے سے آنے والا ٹرالر ان کے اوپر چڑھ گیا جس کے نتیجے میں میاں بیوی اور12 سالہ بیٹی رضیہ موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ نادیہ زخمی ہو گئی۔ گجرات میںجلالپور جٹاں چوپال روڈ پر نواحی گائوں موجوکی کے قریب بھٹہ خشت پر کام کرنے والے دو چچا زاد بھائی سہیل اور مجاہد موٹرسائیکل پر جا رہے تھے کہ سامنے سے آنے والے موٹرسائیکل رکشہ سے ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں رکشہ کی ٹینکی پھٹنے سے رکشہ اور موٹرسائیکل میں آگ بھڑک اٹھی۔ خوفناک تصادم سے رکشہ ڈرائیور یاسر اور موٹرسائیکل سوار نوجوان سہیل رکشہ کی سیٹوں پر جاگرے‘ پٹرول پھیل جانے سے آگ پھیل گئی جس سے دونوں موقع پر ہی زندہ جل گئے۔ تیسرے زخمی نوجوان مجاہد کو ایمبولینس نے ضلعی ہسپتال منتقل کر دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق موٹرسائیکل پر نوجوان ون ویلنگ کر رہے تھے توازن برقرار نہ رکھنے کے باعث موٹرسائیکل رکشہ سے ٹکرا گئے۔ گجرات میں ٹیوٹا ہائی ایس نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار کر دو سگے بھائیوں کو کچل ڈالا۔ دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ علاقہ دھدڑ کے قریب تیزرفتار ہائی ایس نے موٹرسائیکل سوار دو بھائیوں شاہد‘ نعیم سکنہ پلاہ گراں کو ٹکر مار دی جس پر دونوں بھائی کئی فٹ دور جاگرے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گئے۔