راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے کہا کہ دینی مدارس میں دینی کے ساتھ عصری اور ظاہری کے ساتھ باطنی (تصوف) کی تعلیم کے انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ وہ ماڈل مدرسہ رضا اسلامیہ کالج کورال چوک کے جلسہ تقسیم اسناد و دستار فضیلت میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے جس کی صدارت شیخ الحدیث مولانا عبد الحمید سیفی نے کی اور ڈاکٹر پروفیسر مقصود جعفری کے علاوہ والدین کی طرف سے سید فرید حسین شاہ اور فارغ التحصیل طلباءمولانا مبشر بشیر‘ مولانا حسنین اقبال اور مولانا بدر الاسلام نے بھی خطاب کیا۔ صاحبزادہ محمد حسین رضا سیفی نے نظامت کے فرائض ادا کئے۔ سید جواد حیدر نے تلاوت کلام پاک اور سید رضوان حیدر اور ادارے کے طلباءنے بارگاہ رسالت میں ہدیہ نعت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ مولانا عبد الحمید سیفی نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ اس ادارے کے فارغ التحصیل طلباءدینی کے ساتھ دنیاوی تعلیم حاصل کر کے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دیتے ہیں۔ ڈاکٹر مقصود جعفری نے کہا کہ دنیا میں تصوف کی طرف رجحان میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ادارے کے بانی و مہتمم پیر سید علی رضا بخاری ایم ایل اے نے کہا کہ اس ادارے کے فارغ التحصیل طلباءمیں علمائ‘ دانشور اور وکلاءبھی شامل ہیں۔