روس کی مزید 24 شخصیات، 12 اداروں پر امریکی پابندیاں، پوری قوت سے مقابلہ کرینگے: ماسکو

واشنگٹن (آن لائن+این این آئی) امریکہ نے سائبر حملوں اور دیگر الزامات میں ملوث ہونے پر روس کی مزید چوبیس شخصیات پر پابندیوں کا اعلان کر دیا ہے۔امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق روس کے سات تاجر اور سترہ روسی عہدیداروں کے امریکہ میں اثاثے منجمد کر دئیے گئے ہیں۔ امریکی محکمہ خزانہ کا کہنا تھا یہ افراد واشنگٹن کا سفر بھی نہیں کر سکیں گے۔دوسری جانب ترجمان وائٹ ہائوس کے مطابق امریکہ نے روس کی 24 شخصیات کے علاوہ 12 اداروں پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔ دوسری جانب روس کی حکومت نے امریکہ کی جانب سے روسی تاجروں اور کمپنیوں پر نئی پابندیوں کو روسی قوم پر حملے کے مترادف قرار دیتے ہوئے ان کا بھرپور مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق روسی سفیر نے اپنے 30 منٹ طویل خطاب میں کہا انہوں نے اپنے برطانوی دوستوں کو بتا دیا ہے کہ وہ آگ سے کھیل رہے ہیں جس پر وہ پچھتائیں گے۔ روسی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں واضح کیا گیا کہ امریکہ کی جانب سے عائد کردہ نئی اقتصادی پابندیوں کا ہدف روسی قوم ہے اور ہم ان پابندیوں کا پوری قوت کیساتھ مقابلہ کریں گے۔بیان میں مزید کہا گیا روس امریکی پابندیوں سے کسی دباؤ میں نہیں آئے گا بلکہ یہ پابندیاں روسی قوم کو مزید متحد کریں گی۔
امریکہ/روس

ای پیپر دی نیشن