اسلام آباد(صباح نیوز) چیف جسٹس نے سابق صدر مشرف کیخلاف غداری کیس کی سماعت کیلئے خصوصی عدالت کے سربراہ لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد یاور علی خان اور سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس نذراکبر کے بطور رکن منظوری دیدی۔جس کے بعد خصوصی عدالت کی دوبارہ تشکیل مکمل ہوگئی ہے۔ گزشتہ روز چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت میں سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس نذراکبر کی تقرری کی منظوری دے دی ہے جبکہ چیف جسٹس نے لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد یاور علی خان کو خصوصی عدالت کا سربراہ مقرر کر دیا ہے۔خصوصی عدالت کی تیسری رکن بلوچستان ہائی کورٹ کی جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر ہیں خصوصی عدالت کے سابق سربراہ جسٹس یحییٰ آفریدی کی جانب سے کیس سننے سے معذرت کے بعد خصوصی عدالت غیرفعال ہوگئی تھی جس کے بعد وزارت قانون نے چیف جسٹس کو خط لکھا تھا اورخصوصی عدالت میں تقرریوں کی درخواست کی تھی۔چیف جسٹس نے وزارت قانون کی درخواست پر خصوصی عدالت میں جسٹس نذر اکبر کی بطور رکن اور جسٹس یاور علی خان کی بطور خصوصی عدالت کے سربراہ کی تقرری کی منظوری دے دی ہے۔وزارت قانون ان تقرریوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرے گی جبکہ خصوصی عدالت سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کی سماعت کی تاریخ بعد میں مقرر کریگی۔
خصوصی عدالت