نئی دہلی (اے ایف پی)بھارتی اداکار سلمان خان کی ضمانت منظور ہوگئی ہے اور عدالت نے انہیں جیل سے رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔درخواست ضمانت کی سماعت پر سلمان خان کی بہنیں بھی عدالت میں موجودتھیں۔جودھ پورکی عدالت نے سلمان خان کو کالے ہرنوں کے غیرقانونی شکار کے الزام میں پانچ سال قید کی سز ا سنائی تھی جس کے بعد انہیں سنٹرل جیل میں بند کر دیا گیاتھا۔سلمان خان کے وکلاء نے ان کی ضمانت پر رہائی کی درخواست دائر کی۔ عدالت نے سلمان خان کی درخواست ضمانت پر 25، 25 ہزار کے 2 مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔عدالت نے ان کے بغیر اجازت ملک چھوڑنے پر پابندی عائد کردی ہے اور انہیں 7 مئی کو دوبارہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔سلمان خان کو جب جودھپور کی سنٹرل جیل سے رہا کیا گیا تو صبح سے ہی باہر موجود ہردلعزیز اداکار کے پرستار ان کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے گاڑی کی طرف بھگ کھڑے ہوئے کئی ایک نے گاڑی کے ساتھ لٹکنے کی کوشش بھی کی مگر گاڑی تیز رفتاری سے ائرپورٹ کی طرف نکل گئی جبکہ اس سے پہلے مقدمے کی سماعت کرنے والے جج کا بھی تبادلہ کر دیا گیا تھا۔ دوسری جانب جمعہ کے روز ہی راجستھان ہائی کورٹ کی ویب سائٹ پر ڈالے جانے والے ٹرانسفر آرڈر کے مطابق جودھپور کے ڈسٹرکٹ اور سیشن جج رویندر کمار جوشی کا تبادلہ سروہی کر دیا گیا ہے اور ان کی جگہ چندرشیکھر شرما کو جودھ پور بھیجا جا رہا ہے۔ریاستی ہائی کورٹ کی ویب سائٹ پر ڈالے جانے والے آرڈر نمبر 20 میں کل 87 ججوں کے تبادلے کیے گئے ہیں جن میں رویندر کمار جوشی بھی شامل ہیں۔دوسری جانب سوشل میڈیا پر سلمان خان اور بلیک بک پوچنگ کیس ٹرینڈ کر رہا ہے اور اس کے تحت مختلف قسم کے ٹویٹ سامنے آ رہے ہیں۔ آئی پی ایس سنجیو بھٹ کے آفیشل ہینڈل سے لکھا گیا: 'سلمان خان کے کالے ہرن کو مارنے پر ملنے والی سزا سے سبق: 'آپ انڈیا میں کالے ہرن، گائے اور دوسرے تحفظ یافتہ یا مقدس جانور کو مار کر بچ نہیں سکتے۔ 'دلتوں، مسلمانوں، مسیحیوں۔ اور دیگر محروم اور مجبور انسانوں کا قتل بالکل مختلف معاملہ ہے۔' اداکار شتروگھن سنہا نے لکھا: 'شام پڑھے لکھے دانشور شخص سلیم خان کے ساتھ گزاری۔ وہ ایک لائق بیٹے سلمان خان کے لائق والد ہیں۔ سلمان خان ریل اور ریئل لائف دونوں کے ہیرو ہیں۔ مجھے پورا یقین ہے اور میں دعا کرتا ہوں کہ انھیں جلد از جلد اس معاملے میں راحت ملے۔
سلمان خان/رہا
سلمان خان کی ضمانت منظور رہا کر دیا گیا‘ سزا دینے والے جج کا تبادلہ
Apr 08, 2018