اسلام آباد ’’مدہوش‘‘ امریکی فوجی اتاشی نے اشارہ توڑ کر موٹرسائیکل سوار نوجوان کو کچل کر مار ڈالا

Apr 08, 2018

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+آئی این پی اے+نوائے وقت رپورٹ) تھانہ کوہسار کے علاقے مارگلہ روڈ کے ٹریفک سگنل پر امریکی سفارتخانے کے ڈیفنس اتاشی کی لینڈ کروزر گاڑی کی ٹکر لگنے سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا پولیس نے ڈیفنس اتاشی کو امریکی سیکیورٹی کے حوالے کردیا جبکہ اس کی گاڑی قبضے میں لے کر تھانے منتقل کردی ایس ایس پی آپریشنز نجیب الرحمٰن بگوی بھی جائے حادثہ پہنچ گئے انہوں نے بتایا کہ امریکی سفارتخانے کا ڈیفنس اتاشی کرنل جوزف عمانوئل ہال اپنی گاڑی میں مارگلہ روڈ نزد چڑیا گھر چوک پہنچا تو اسکے سامنے ٹریفک سگنل ییلو تھا لیکن اس نے آہستہ ہونے یا رکنے کی بجائے سگنل کراس کرنے کی کوشش کی تو اسی دوران دوسری سمت سے موٹر سائیکل سوار عتیق بیگ ولد محمد ادریس بیگ سکنہ تلہاڑ اسلام آبادبھی آگیا جس سے اسکی گاڑی کی ٹکر ہوگئی اور عتیق بیگ گرنے سے زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلئے پولی کلینک پہنچایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا جبکہ اسکے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار اسکا کزن راحیل ولد چنگیز زخمی ہوگیاجسے طبی امداد دی گئی ہے۔ ڈپلومیٹس کیلئے ویانا کنونشن کی روشنی میں کرنل جوزف کو امریکی سفارتخانے کی سکیورٹی کی تحویل میں دیدیا گیا ہے جبکہ اسکی لینڈ کروزر گاڑی نمبرQM - 058 (63 - 48) تھانہ کوہسار میں بند کردی گئی ہے۔ متوفی کے ورثاء نے پولیس کو بتایا ہے کہ پہلے وہ متوفی عتیق بیگ کی تدفین کریں گے جس کے بعد قانونی کارروائی کیلئے پولیس کو آگاہ کردیں گے ادھر ایس ایس پی آپریشنز نے بتایا کہ یہ حادثہ دن ساڑھے تین بجے کے قریب پیش آیا تھا اور امریکی سفارتخانے کے ڈیفنس اتاشی کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے وفاقی پولیس ضابطے کے تحت اپنی وزارت خارجہ کے ذریعے اقدام کر رہی ہے ۔ عتیق بیگ ایف اے کا طالبعلم تھا جو ریسٹورنٹ ان میں بھی کام کرتا تھاحادثے کی اطلاع کے بعد امریکی سفارتخانے کی ریسکیو ٹیم بھی جائے حادثہ پہنچ گئی اور کرنل جوزف کو ساتھ لے گئی ۔امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق نوجوان عتیق کے والد نے کہا ہے کہ میرا بیٹا ڈیوٹی پر جا رہا تھا اس کے ساتھ حادثہ ہو گیا انصاف ملنا چاہئے۔ ہماری کسی کے ساتھ دشمنی نہیں تھی۔ حکومت یا سفارتخانے والوں سے رابطہ نہیں کیا پولیس ذرائع کے مطابق امریکی سفارتکار مبینہ طور پر نشہ میں تھا ملٹری اتاشی پولیس کے ساتھ مذاحمت کر کے بھاگ نکلا۔ نوجوان کی ہلاکت کا مقدمہ نوجوان کے والد کی مدعیت میں تھانہ کوہسار میں درج کر لیا گیا۔ مقدمے میں320‘337‘ 279اور 427کی دفعات شامل ہیں ۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق 22سالہ عتیق کزن کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سپر جناح مارکیٹ جا رہا تھا‘ دامن کوہ چوک پر سفید گاڑی نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا‘ حادثے میں نوجوان عتیق جاں بحق‘ کزن راحیل شدید زخمی ہوا‘ گاڑی امریکی سفارتخانے میں تعینات ایئر ڈیفنس اتاشی کرنل جوزف چلا رہا تھا۔ ترجمان امریکی سفارتخانہ رچرڈ سنیلسائر نے کہا ہے کہ ہم امریکی سفارتخانے کی گاڑی کے ٹریفک ایکسیڈنٹ میں ملوث ہونے سے آگاہ ہیں۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں ترجمان امریکی سفارتخانہ نے کہا کہ پاکستانی تفتیشی حکام سے مکمل تعاون کر رہے ہیں ۔ جبکہ امریکی سفارتخانے کی گاڑی کے ایکسیڈنٹ سے نوجوان کی ہلاکت کے معاملے پر ترجمان دفترِ خارجہ نے اپنے ٹویٹ میں کہاکہ اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی گاڑی کے ایکسیڈنٹ سے متعلق دفترِ خارجہ اطلاعات پر کام کر رہا ہے اور اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔
گاڑی حادثہ/ جاں بحق

مزیدخبریں