اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+ این این آئی) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ سینٹ الیکشن میں پیسہ پیپلز پارٹی نے چلایا، مسلم لیگ ن کے سوا تمام پارٹیاں 2013ء کے انتخابات میں دھاندلی پر متفق ہیں۔ رمیش کمار کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ قائداعظم نے جو خدشات کا اظہار کیا تھا وہ نریندرمودی کے بھارت میں سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹر رمیش کمار کو تحریک انصاف میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف مانتی ہے کہ اقلیتوں کوبھی برابرکے حقوق حاصل ہیں۔ قانون کی عملداری نہ ہونے کی وجہ سے حقوق برابرنہیں ہیں۔ پی ٹی آئی سربراہ نے کہا تحریک انصاف اقلیتوں کو مکمل طور پر تحفظ دیگی۔ خدشات دور کریگی، 2013ءکے انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں نے کہا دھاندلی ہوئی ہے۔ پنجاب میں سوائے مسلم لیگ (ن) کے سب نے کہا کہ یہ انتخابات آر اوز کے تھے۔ نوازشریف نے اسمبلی میں الگ جھوٹ بولا، سپریم کورٹ میں الگ، وہ کہتے ہیں انہوں نے تنخواہ نہیں لی اور اب پتہ چل رہا ہے کہ تنخواہ لی تھی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا آصف زرداری کوغلط فہمی ہے کہ سینٹ انتخابات کی طرح پیسہ چلا کر پنجاب کی وزارت اعلیٰ لے لیں گے۔ شریف خاندان کی کوشش ہے کہ عدلیہ کو بے توقیر کرکے کرپشن بچالیں۔ مینار پاکستان کے جلسے میں دیکھئے گا کہ قوم عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ شاہد خاقان بتائیں سینٹ الیکشن میں کتنا پیسہ چلا‘ شریف فیملی کا مقصد صرف 300 ارب روپے بچانا ہے۔ پریس کانفرنس میں مسلم لیگ ن نے اقلیتی رکن قومی اسمبلی رمیش کمار نے کہا دو سال سے جو زبان استعمال کی جارہی ہے، وہ زبان میں نے استعمال کرنے سے انکار کردیا۔ ان کا کہنا تھا جب سیاسی جماعتیں اردگرد گھومتی ہیں تو وہاں نظریہ گم ہو جاتا ہے۔ چوہدری نثار کہتے تھے کہ آپ جیسے لوگوں کی ہماری پارٹی میں قدر نہیں ہے۔ رمیش کمار نے کہا جہاں سے آیا ہوں وہاں پر ٹینشن ہے اور جہاں آیا ہوں وہاں پر خوشی ہے۔ پانامہ فیصلے کے بعد اجلاس میں کہا کہ بیرسٹر ظفر اللہ کی بریفنگ سے مطمئن نہیں۔ میرے بعد بھی مزید لوگ تحریک انصاف میں شامل ہوں گے۔
عمران
زرداری کو غلط فہمی ہے سینٹ کی طرح پیسے لگا کر پنجاب کی حکومت لے لیں گے : عمران
Apr 08, 2018