یمن: حوثی باغیوں کے اتحادی فورسز کے ٹھکانوں پر حملے‘98 سوڈانی فوجی ہلاک

Apr 08, 2018

صنعاء (اے پی پی+ آن لائن،اے ایف پی) ایران ٹی وی نے صنعا میں دفاعی اور عسکری ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ حوثیوں نے صوبہ حجہ کے علاقے صحرائے میدی میں اتحادی افواج کے ٹھکانوں پر زبردست حملے کیے ہیں۔المزارع اور المخازن سیکٹروں سے کیے جانے والے ان حملوں میں اتحاد کے 98 فوجی ہلاک اور بیسیوں زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والے فوجیوں کا تعلق سوڈان سے بتایا جاتا ہے۔ ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حوثی لیڈر عبدالملک الحوثی نے مختلف محاذوں پر لڑنے والے فیلڈ کمانڈروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالملک الحوثی نے کہا کہ علاقے میں یمنی فوج کیخلاف بھرپور جنگ کی جائے اور سرکاری فوج کی پیشرفت روکی جائے۔حوثی ملیشیا قبائلی نوجوانوں پر اعتماد نہ کرے کیونکہ یہ اندر سے حکومت کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔ حوثی لیڈر نے اجلاس میں اپنے کمانڈروں کو حکم دیا کہ محاذ جنگ پر پسپائی اختیار کرنیوالوں کو قتل کردیا جائے،بالخصوص قبائلی نوجوانوں کے حوالے سے کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے کیونکہ وہ سرکاری فوج کیساتھ مل کر ان کیخلاف لڑائی میں شامل ہوسکتے ہیں۔قبل ازیں پہلے بھی ایسے بیا نات آتے رہے ہیں۔

مزیدخبریں