لاہور، گوجرانوالہ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی ) لاہور اور گوجرانوالہ میں شادی کی تقاریب میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوگئے۔ کوٹ لکھپت کے علاقہ مصطفی کالونی میں شادی کی تقریب کے دوران گھر کی بجلی کی تار مین تاروں سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں کرنٹ لگنے سے 6 افراد ذوالفقار، اشفا، سلیم، انتظار، معظم اور رفیق جھلس کر زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا جن میں سے تین افراد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ دریں اثنا گوجرانوالہ میں بھی شادی والے گھر لائٹیں لگانے کے دوران کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ شاہین آبا د کے ذیشان کی گزشتہ رات رسم حنا تھی جس کیلئے گھر کی چھت پر لا ئٹنگ کی جارہی تھی اس دوران تاریں آپس میں ٹکرانے کے نتیجے میں کر نٹ لگنے سے ولید ، فیضان ،عبدالجبار ، شاہ زیب اور طارق بری طرح جھلس گئے ۔ واقعہ کی اطلا ع ملنے پر ریسکیو ٹیموں نے فوری مو قع پر پہنچ کر کرنٹ لگنے سے جھلسنے والے افراد کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا ، ڈاکٹرز نے متاثرہ کو ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کیلئے تشویشناک حالت میں لاہور ریفر کر دیا ، جہاں پر عبدالجبار موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد جان کی بازی ہار گیا ۔
لاہور، گوجرانوالہ : شادی کی تقاریب میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق، 10 جھلس کر زخمی
Apr 08, 2018