اسلام آباد (آن لائن) وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگ زیب نے اسلام آباد موسم بہاراں کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں امن بحال ہوچکا ہے اور اس قسم کے ثقافتی پروگراموں کی وجہ سے پاکستان کا ایک امن پسند ملک کا امیج دنیا میں پہچانا جائیگا۔ ہفتہ کو یہاں ایف نائن پارک میں دو روزہ اسلام آباد کلچرل پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور اس قسم کے ثقافتی پروگرام سے ہی دنیا کو بتا دیں گے ہم امن پر یقین رکھتے ہیں۔اس موقع پر سب کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے پارک پھر سے بحال ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ٹورسٹ سپاٹ پھر سے بحال ہوگئے ہیں۔ میڈیا کے ذریعے پاکستان کے امن پسند پہلو کو اجاگر کیا گیا ہے تاکہ پاکستان کا امن پسند چہرہ دنیا کو دکھایا جا سکے۔