اسلام آباد +بیجنگ (نمائندہ خصوصی+آئی این پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی باؤ فورم میں شرکت کیلئے آج اتوار کو چین روانہ ہوں گے۔ وزیراعظم فورم میں شرکت کے علاوہ چینی قیادت اور دوسرے رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ وزیراعظم کا دورہ تین روز تک جاری رہے گا۔چین نے توقع ظاہر کی ہے کہ صدر شی جن پنگ اور پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے درمیان بات چیت کامیاب ہوگی اور اس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون اور شراکت داری میں مزید اضافہ ہوگا ۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات منگل کے روز چینی صوبہ ہنان میں بائو فورم برائے ایشیاء کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ہوگی ۔ چینی سرکاری ذرائع کے مطابق دونوں رہنمائوں کے درمیان چین پاکستان تعلقات کے تناظر میں اس ملاقات کو زبردست اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ دونوں ملکوں کے درمیان کئی دہائیوں سے دیرینہ گہرے برادرانہ تعلقات موجود ہیں ۔ دونوں آئرن برادر ہیں اور چین پاکستان کے ساتھ اپنی شراکت داری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور وہ ہمیشہ ہر حالت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی تین روزہ دورے پر 8اپریل کو چین پہنچ رہے ہیں جہاں وہ اعلیٰ سطح کے اقتصادی فورم میں اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے ۔ پاکستان میں چین کے سفیر یائوجنگ اس سے پہلے ہی چین پہنچ چکے ہیں جہاں وہ دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات کا انتظام کریں گے ۔ روانگی سے قبل انہوں نے اسلام آباد میں کہا کہ دونوں رہنمائوں کی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے تمام امور زیر بحث آئیں گے جن میں بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے میں پاکستان کی فعال شرکت بھی شامل ہے ۔ چین کے صدر شی جن پنگ اور شاہد خاقان عباسی علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں کیونکہ یہی ماضی کی ہمیشہ روایت رہی ہے ۔ چین اور پاکستان دنیا میں گہرے دوست ہیں اور یہ چین کی مستقل غیر ملکی پالیسی کا ایک حصہ ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ اعلیٰ سطح کے تعلقات کو انتہائی ترجیح دیتا ہے ۔ چین نے اپنی ترقی کے پانچ سال مکمل کئے ہیں اور وہاں ایک نئی حکومت قائم ہوئی ہے جس میں صدر شی جن پنگ کو مزید آئینی مدت کیلئے صدر منتخب کیا گیا ہے۔ دریں اثناء پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ نے اس انتہائی موقع پر پاکستان کے وزیراعظم کے دورہ چین کی تعریف کی ہے اور یہ توقع ظاہر کی ہے کہ یہ فوجی تعاون سمیت تمام شعبوں میں دونوں ممالک کی مشترکہ شراکت داری کی مضبوطی میں اہم کردارادا کرے گا۔ چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان خطے کا ایک اہم ملک ہے اور وہ بائو فورم برائے ایشیا کا بانی رکن ہے، چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی نے پاکستانی وزیراعظم کے دورہ چین کے حوالے سے کہا کہ چین کے صدر شی جن پھنگ بائو فورم میں اپنے خطاب کے دوران چینی معیشت کی کھلے پن کی پالیسی اور نئے اقدامات متعارف کرائیں گے ۔ یاد رہے کہ بائو فورم برائے ایشیاء کا سالانہ اجلاس 8سے11اپریل تک منعقد ہوگا۔ دریں اثناء چین کے صدر شی جن پھنگ کو توقع ہے کہ چین کی آواز سنی جائے گی اور علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر چین کے مؤقف کو واضح طور پر سمجھا جائے گا۔