ملتان (سپیشل رپورٹر‘ سٹاف رپورٹر‘ سماجی رپورٹر‘ لیڈی رپورٹر) روزنامہ نوائے وقت‘ ایف ٹی آر اور ایڈکان کے زیراہتمام کسان میلہ دوسرے روز بھی کاشتکاروں‘ کسانوں اور عوام کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ کسان میلہ میں شرکت کے لئے شہریوں‘ خواتین‘ بچوں اور کسانوں کی بڑی تعداد علی الصبح ہی سٹیڈیم کے باہر جمع ہو گئی۔ کسان میلہ صبح 10 بجے سے 7 بجے تک لگا رہا جس میں آخری وقت تک عوام سٹالز میں موجود رہے۔ کسان میلہ کے دوسرے روز کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب ملک رفیق احمد رجوانہ تھے جبکہ دن میں کسان میلہ دیکھنے کے لئے شہر کی اہم شخصیات نے بھی دورے کئے۔ گورنر پنجاب ملک رفیق احمد رجوانہ نے مختلف سٹالز کا دورہ بھی کیا جہاں گورنر پنجاب نے تمام سٹالز پر جا کر خود معلومات حاصل کیں۔ جمشید دستی نے اس موقع پر کہا کسانوں کے لئے اس سے زیادہ شاندار میلہ کبھی نہیں دیکھا۔ روزنامہ نوائے وقت نے اس خطہ کے کاشتکاروں کو آج خرید لیا ہے جبکہ بحیثیت کسان مزدور میںبھی اعتراف کر رہا ہوں کہ مجید نظامی نے ہمیشہ حق و سچ کا جو علم بلند کیا تھا آج اس علم کو ان کی صاحبزادی رمیزہ مجید نظامی نے آگے بڑھا دیا ہے۔ اس خطہ کا کسان اس نمائش سے جدید طرز زراعت سیکھ کر نہ صرف خود خوشحال ہو گا بلکہ اس کے ذریعے تمام خطہ ہی خوشحال ہو گا۔ تحریک انصاف کے رہنما خالد جاوید وڑائچ نے کہا روزنامہ نوائے وقت نے کسان میلہ کا انعقاد کر کے صحیح معنوں میں کسانوں اور کاشتکاروں کے دل جیت لئے ہیں۔ موجودہ حکمرانوں کی ترجیح میں کسان شامل ہی نہیں، حکمرانوں کی ترجیح میں اپنی کرسی کا تحفظ کرنا ہے۔ 3 روزہ کسان میلہ عوام میں مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ گیا۔ ملکی معروف کمپنیوں نے نوائے وقت کے زیر اہتمام منعقدہ کسان میلہ میں اپنے سٹالز قائم کئے۔ ان سٹالز پر عوام کا جم غفیر اکٹھا رہا جبکہ کمپنیوں کے نمائندگان بھی سارا دن عوام کو اپنی پراڈکٹس سے آگاہ کرتے رہے۔ زرعی ادویہ سمیت دیگر کمپنیوں کے علاوہ اسلامیہ یونیورسٹی اور میاں نواز شریف یونیورسٹی نے بھی اپنے سٹالز قائم کئے تھے جہاں طلبہ وطالبات اپنی جدید ریسرچ اور تجربات کی روشنی میں حاصل نتائج سے عوام کوآگاہ کیا۔ اس موقع پر جن سٹالز پر بھرپور توجہ رہی ان میں زرعی ادویہ کے سٹالز شامل رہے۔ کسان میلہ میں علی اکبر گروپ کی جانب سے سٹال لگایا گیا تھا جہاں کمپنی ادویہ موجود تھیں۔ اسی طرح شمع بناسپتی اینڈ حفیظ گھی ملز کا بھی سٹال سجا رہا جہاں مارکیٹنگ منیجر عمران اعظمی خود موجود رہے۔ اسی طرح اخوت اسلامک مائیکروفنانس، سٹار مارکیٹنگ، جالندھر پرائیویٹ لمیٹڈ پاپولر پائپ انڈسٹری، پنجاب لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ، اللہ دین گروپ آف کمپنیز، جی ایم بیلارس ٹریکٹر کمپنی، پیر مراد علی شاہ ایگری کلچرل یونیورسٹی راولپنڈی،فاطمہ فرٹیلائزز،گیز کمپنی کے سٹالز موجود رہے۔ اسی طرح عوام کی توجہ براہ راست بات کے ذریعے ایف ایم سنو ریڈیو 89.4 نے حاصل کئے رکھی۔ اسی طرح روزنامہ نوائے وقت اور دی نیشن کا سٹال بھی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا روزنامہ نوائے وقت نے کسان میلہ کا انعقاد کرکے تاریخی اور انقلابی کام کیا ہے حکومت نے کسانوں کے مسائل کو حل کرنے کی سنجیدہ کوششیں کی ہیں، کسان کو پالیسیوں سے اختلاف ہے تو مل کر بیٹھیں ہر مسئلہ پر احتجاج کرنا درست نہیں، حکومت نے تاریخی سبسڈی دی بجلی کے بلوں پر رعایت دی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا پھر بھی تنقید برائے تنقید درست اقدام نہیں، ایسے معاملات میں سیاست کو شامل کیا گیا تو پھر ملک آگے نہیں بڑھ سکے گا آج کا پاکستان آبی مسائل کا شکار ہے ہمیں مل کر اس مسئلہ کو حل کرانا ہو گا، ڈیمز کی تعمیر میں اختلاف رائے مناسب نہیں نئے ڈیمز بننے سے یہ سنگین مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا آج کے میڈیا کا اہم فریضہ ہے کہ وہ ایشوز پر بات کرے اسی طرح روزنامہ نوائے وقت بلا شبہ مبارکباد کا مستحق ہے آج کا ایک بڑا اور بہترین کسان میلہ کا انعقاد کرایا ہے۔ انہوں نے کہا میں نے مہتاب عباسی سے ملاقات کرکے ان کو کہا ہے پی آئی اے ملتان سے پھل اور سبزیاں ایکسپورٹ کرنے کیلئے فوری اقدامات کرے، جلد رپورٹ فائنل کرکے ملتان ایئر پورٹ سے برآمدات شروع ہو جائیگی۔ ریذیڈنٹ ایڈیٹر روزنامہ نوائے وقت شمیم اصغر رائو نے کہا کہ روزنامہ نوائے وقت نے ہمیشہ خطہ کے عوام کی آواز بلند کی ہے۔ اس کسان میلہ کا اصل مقصد زراعت کو ترقی دلانا ہے۔ ایک بھی کاشتکار نے یہاں سے کچھ سیکھ لیا تو اس کسان میلہ کا اصل مقصد حاصل ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا اس خطہ کا کسان مختلف مسائل کا شکار ہے۔ ان مسائل کا حل ہمیں مل جل کر نکالنا ہوگا۔ میاں نواز شریف یونیورسٹی کے وائس چانسلر رانا محمد آصف نے کہا ہمارا ایک ہی مقصد ہے کسان کے ہر مسئلہ کے حل کے لئے نواز شریف زرعی یونیورسٹی ساتھ کھڑی ہے آج اس سفر میں نوائے وقت ہمارا مضبوط سہارا بن گیا ہے۔ سابق صوبائی وزیر حسین جہانیاں نے کہا روزنامہ نوائے وقت نے کسان میلہ کے ذریعے کسانوں اور کاشتکاروں کے لئے تاریخی کام کیا ہے۔ میں اس کسان میلے کے انعقاد پر نوائے وقت اور نواز شریف زرعی یونیورسٹی کو مبارکباد دیتا ہوں۔ سماجی رہنما چیف ایگزیکٹو گبز بسکٹ چودھری ذوالفقار انجم نے کہا حکومتیں کسانوں کے مسائل حل کریں تو انڈسٹری ترقی کرے گی۔ کسان اتحاد کے مرکزی رہنما خالد محمود کھوکھر نے کہا ہمارا ملک آبی بحران کا شکار ہے۔ ہمارے ملک میں زراعت تباہی سے دوچار ہے۔ میرا مطالبہ ہے صرف ان شوگر ملوں کو سبسڈی ملنی چاہئے جس نے کاشتکار کو 180 روپے کا ریٹ دیا ہو۔ زرعی ماہر پروفیسر شفقت سعید نے کہا جدید علم کے ذریعے ہم خطہ میں کپاس، گندم، گنا، چاول اور آم کی فصل کی پیداوار کو دوگنا کر سکتے ہیں۔ ایڈکان کے زوہیب نے کہا اس میلہ کا مقصد کسانوں کی رہنمائی کرنا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک آصف رفیق رجوانہ نے کہا روزنامہ نوائے وقت کے بروقت کسان میلہ کا انعقاد کیا ہے جو داد و تحسین کا باعث ہے۔ ایم این اے ملک عبدالغفار ڈوگر نے کہا ہماری حکومت کسان بھائیوں کے لئے دن رات محنت کر رہی ہے۔