کراچی (صباح نیوز) پیپلزپارٹی کی سیکرٹری اطلاعات نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی جنگ کا شوشہ چھوڑ کرحکومتی نااہلیوں سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔ وزیرخارجہ کی تقریرپرردعمل دیتے ہوئے ایک بیان میں نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی جنگ کا شوشہ چھوڑ کرحکومتی نااہلیوں سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں، عمران خان سیاسی قیادت کو انتقام کا نشانہ بنا رہے ہیں۔نفیسہ شاہ نے کہا کہ بھارتی جارحیت ہوئی تو قوم کا ہر فرد فوج کے ساتھ کھڑا ہوگا، پاک فوج کے بہادرجوان بھارتی جارحیت کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے مارے عوام کو جنگ سے ڈرانے کی کوشش نہ کی جائے۔ کٹھ پتلی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہے، ملکی معیشت تباہ ہوچکی۔نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم ملک کو انتشار کی جانب دھکیل رہے ہیں، عمران خان قومی امورکے معاملات بھی پارلیمان سے خفیہ رکھ رہے ہیں۔عمران خان قوم کو بتائیں کن شرائط پر قرضے لیے جا رہے ہیں۔