سری نگر(کے پی آئی) جنوبی کشمیر میں شہید ہونے والے دو کشمیری نوجوانوں بلا ل احمد بٹ اور راہل رشید شیخ کو سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ دونوں نوجوانوں کو ہفتے کے روز بھارتی فوج نے شوپیان کے ایک مضافاتی علاقے میں شہید کر دیا تھا۔ نماز جنازہ میں ہزاروں شہریوں نے شرکت کی اس موقع پر بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے گئے ۔ گاندبل اور شوپیاں میں ہڑتال رہی ۔ اس دوران پڈ گوژھو ، لوس دینو، بٹہ پورہ شوپیان اورمنی سیکریٹریٹ آرہ ہامہ شوپیان کے نزدیک نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے پتھرائو شروع کیا۔مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے شلنگ اور ہوائی فائرنگ کی گئی اور یہ سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔انتظامیہ نے انٹر نیٹ سروس بھی بند کردی۔ادھر سید ہلال اندرابی نامی نوجوان کو این آئی ائے نے گرفتار کر لیا ہے ۔تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے دعوی کیا ہے کہ یہ چوتھا گرفتار نوجوان ہے جو سی آر پی ایف پر حملے میں ملوث تھا ۔کل جماعتی حریت کانفرنس گ کے چیرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ ایک دفعہ پھر جموں وکشمیر میں بھارتی الیکشن ڈرامہ فلاپ ہورہا ہے ۔ ریاستی عوام نام نہاد انتخابات کا بائیکاٹ کرکے الیکشن ڈرامے کو مستردکریں۔ادھر سید علی گیلانی کے فرزند ڈاکٹر نعیم گیلانی کو بھارتی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے نے پھر نوٹس جاری کر دیا ہے۔ ڈاکٹر نعیم گیلانی کو 12 اپریل کو نئی دہلی ہیڈکوارٹر پر طلب کیا گیا ہے۔عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر رشید نے کہا کشمیر کو ایک جیل خانے میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ کشمیرہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے انکشاف کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے کشمیری قیدیوں کو منصوبے کے تحت بھارتی جیلوں میں منتقل کیا جاتا ہے تاکہ عدالتوں میں پیشی ناممکن بنائی جاسکے۔کشمیری قیدیوں کو عدالتوں میں پیش نہ کر کے ان کی قید کو طول دیا جاتا ہے ۔ بھارتی حکام نے مقبوضہ کشمیر میں ہفتے میں 2 روز کے لیے ہائی وے پر عام شہریوں کی نقل و حرکت پر باقاعدہ پابندی عائد کرتے ہوئے اسے فوج اور پیرا ملٹری کے وفود کیلئے مخصوص کردیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اتوار سے عائد ہونے والی پابندی کے پیش نظر فوجی اہلکاروں نے ہائی وے پر پیٹرول کرتے ہوئے اس کے انٹرسیکشنز اور متصل سڑکوں کو باڑ لگا کر بند کردیا۔ واضح رہے کہ یہ احکامات 14 فروری کو کشمیر کے علاقے پلوامہ میں ہونے والے بھارتی پیراملٹری فورس کے وفد پر ہونے والے خودکش حملے کے بعد سامنے آئے۔ حملے میں بھارتی فوج کے 40 سے زائد اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔ سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل جہاں تک مجھے معلوم ہے ہم جمہوری تھے لیکن اب ایسا لگ رہا ہے کہ اب مارشل لا لگ گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کو یہاں تک لانے کے بعد انتظامیہ کشمیریوں کو مجموعی سطح پر سزا دینا چاہ رہی ہے۔
مقبوضہ کشمیر: 2 شہداء سپرد خاک، ہڑتال، مظاہرے، علی گیلانی کے بیٹے کی نئی دہلی طلبی
Apr 08, 2019