اسلام آباد (صباح نیوز) پاک چین اقتصادی راہداری کے لئے قائم پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس16 اپریل کو طلب کر لیا گیا۔ اجلاس میں کمیٹی کے چیئرمین کا انتخاب کیا جائے گا۔ گزشتہ ادوار میں بھی پارلیمانی کمیٹی برائے سی پیک قائم کی تاہم سابقہ کمیٹی چھوٹے صوبوں بالخصوص دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے حقوق کے تحفظ میں ناکام رہی تھی۔ اس حوالے سے بلوچستان، خیبرپی کے کے ارکان پارلیمنٹ نے گزشتہ دور حکومت میں شدید احتجاج بھی کیا تھا۔ چھوٹے صوبوں اور پسماندہ علاقوں کو نظرانداز کئے جانے کے معاملات کا پارلیمانی کمیٹی برائے سی پیک جائزہ لے گی۔ کمیٹی سی پیک کے سارے منصوبوں کی تفصیلات طلب کرے گی۔ پارلیمانی کمیٹی کو وسیع تر مینڈیٹ حاصل ہے جس کی رپورٹ دونوں ایوانوں میں پیش کی جائے گی۔ 16 اپریل کو کمیٹی کے چیئرمین کے انتخاب کے لئے اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔