اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) قومی ایئر لائن نے نجی ایئرلائنز کی نسبت اضافی سامان کے چارجز ڈبل کر دیئے۔ پی آئی اے نے یکم اپریل سے اندرون ملک پروازوں پر فکس چارجز 5 ہزار روپے مقرر کر دیئے جس کا اطلاق ایک سے 20 کلوگرام پر مبنی اضافی سامان پر کیا گیا ہے۔ پی آئی اے کے پرانے چارجز 100 روپے فی کلوگرام سے بھی کم تھے‘ تاہم اب فکس چارجز کے تحت فی کلوگرام 250 روپے وصول کئے جا رہے ہیں۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ایندھن کی قیمت میں اتارچڑھائو کے باعث چارجز فکس کئے گئے ہیں۔ نجی ایئرلائنز کے مقابلے میں پروازوں کی زائد تعداد کے باعث نقصان کا اندیشہ نہیں ہے۔