مظفرآباد (نوائے وقت رپورٹ)آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے قریب جیپ گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجہ میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔مقامی پولیس کے مطابق جیپ دریائے نیلم کے کنارے کے علاقے میں 2 ہزار فٹ گہرائی میں گری، جاں بحق ہونے والوں میں 3 مرد،خواتین اور ایک بچہ شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق جیپ وادی نیلم سے مظفر آباد جارہی تھی کہ راترا کے مقام پر حادثے کا شکار ہوگئی۔ وادی نیلم سے آنے والے روڈ کے جس مقام پر حادثہ پیش آیاوہ سیدھا اور چوڑا ہے۔پولیس کاکہنا ہے کہ ’ڈرائیور اونگھ رہا تھا یا سٹیئرنگ وہیل لاک ہوگیا تھا لیکن حادثے کی اصل وجوہات جیپ کے معائنے کے بعد ہی سامنے آئے گی‘۔پولیس نے بتایا کہ 2 ہزار فٹ کی گہرائی میں گرنے کے بعد جیپ مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجا فاروق حیدرنے قیمتی جانوں کے نقصان پر شدید افسوس کا اظہار کیا اور حکام کو حادثے کی وجوہات پتہ لگانے کی ہدایت جاری کی تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جاسکے۔