لاہور (صباح نیوز) سیاچن کے گیاری سیکٹر کے سانحے کو سات سال بیت گئے۔ دو ہزار بارہ میں گیاری سیکٹر میں برفانی تودہ گرنے سے ایک سوانتیس فوجیوں اور گیارہ عام شہریوں نے جام شہادت نوش کیا۔ پاک فوج نے اس تاریخی آپریشن میں عزم و ہمت اور حوصلے کی نئی داستان رقم کی۔ سات اپریل 2012ء کا دن سانحہ بن کر طلوع ہوا۔ گیاری سیکٹر میں ناردرن لائٹ انفنٹری کے بٹالین ہیڈ کوارٹر پر برفانی تودا آن گرا۔ برفانی تودے نے تقریباً ایک کلومیٹر کے علاقے کو متاثر کیا۔ بٹالین ہیڈکوارٹر گزشتہ بیس سال سے اسی مقام پر موجود تھا۔ اس علاقے میں پیدل پہنچنا بہت مشکل تھا۔ سخت موسمی حالات نے امدادی سرگرمیوں کو بھی شدید متاثر کیا‘ لیکن پاک فوج کے باہمت جوانوں نے اس آپریشن کو ممکن کر دکھایا۔