نجی تعلیمی اداروں کو اپریل‘ مئی کی فیسوں میں20 فیصد رعایت دینے کی ہدایت والدین کی سہولت کیلئے شکایتی مراکز قائم

کراچی(نیوزرپورٹر) سندھ بھر کے نجی تعلیمی اداروں کی کنٹرولنگ اتھارٹی ڈائریکٹوریٹ آف انسپیکشن رجسٹریشن آف پرائیوٹ انسٹی ٹیوشن سندھ نے کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر تمام نجی تمام تعلیمی اداروں کو اپریل اور مئی کی فیسوں میں کم از کم 20 فیصد رعایت دینے کی ہدایت دیتے ہوئے والدین کی سہوت کیلئے شکایتی سیل قائم کر دیا ہے جبکہ فیسوں میں رعایت اور اساتذہ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کو تنخواہیں بروقت ادا نہ کرنیوالے اسکولوں کے خلاف کارروائی کا بھی عندیہ دیا ہے۔ ڈائریکٹریٹ آف انسپیکشن رجسٹریشن آف پرائیوٹ انسٹی ٹیوشن سندھ ڈائریکٹر جنرل منسوب حسین صدیقی نے لیٹر نمبر DIR/I&R/PIS/EDU/GOS(15430-471)/2020جاری کرتے ہوئے سندھ بھر کے تمام نجی تعلیمی اداروں کو 2ماہ اپریل اور مئی کی فیسوں میں 20فیصد رعایت دینے کا پابند کرتے ہوئے والدین کی سہولت کی خاطر نجی تعلیمی اداروں کے خلاف شکایت درج کروانے کے لیے شکایتی سیل قائم کردیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پرائیوٹ انسٹی ٹیوشن نے جاری خط میں کہا ہے کہ تمام نجی تعلیمی ادارے اپریل اور مئی کی فیسوں میں کم از کم 20 فیصد کی رعایت دیں اور جو بھی نجی تعلیمی ادارہ فیسوں میں رعایت کے حوالے سے یا اساتذہ و عملے کو بروقت تنخواہیں ادا نہیں کرے گا ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہا ہے کہ نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے فیسوں میں رعایت نہ ملنے پروالدین اور طلبہ ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز میں شکایت درج کرا سکتے ہیں جبکہ ،تدریسی و غیر تدریسی عملہ بھی تنخواہ نہ ملنے پریہاں شکایت کر سکے گا ۔شہری ڈائریکٹوریٹ کے نمبر 02199217490، ڈائریکٹوریٹ کے شکایتی سیل کے افسران ریاض احمد سے موبائل نمبر 03332343148، مہیب علی 03333932441اور وقار سے 03337036425 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
شکایتی مراکز قائم

ای پیپر دی نیشن