سرگودھا/ جھنگ/ اوکاڑہ/ چیچہ وطنی(نامہ نگاران) مختلف شہروں میں بارش، ژالہ باری، چھتیں، دیواریں گرنے سے جھنگ اور فیصل آباد میں دو بچیاں جاں بحق والد زخمی ہو گیا۔ چناب نگر میں ماں‘ بیٹا، بدوملہی میں تین افراد زخمی ہو گئے۔ آسمانی بجلی گرنے سے فیروز والا میں کھیتوں، اوکاڑہ میں بھٹے پر کام کرتا نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ پاس میں کام کرتے شوکت کے والدین معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ تیز بارش اور ژالہ باری سے گندم کی فصل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ‘ بجلی کا نظام درہم برہم، کئی شہروں میں متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے۔ تفصیلات کے مطابق جھنگ کے علاقہ غلہ منڈی میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی۔ ریسکیواہلکاروں نے پانچ سالہ اقصیٰ کو ملبے سے نکال کر تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا مگر وہ جاں بحق ہو گئی۔ آن لائن کے مطابق فیصل آباد میں مہندی محلہ ریلوے پھاٹک سے حاجی آباد روڈ پر خستہ حال گھر کی دیوار غریب کی جھونپڑی پر آگری۔ جس سے29 سالہ امیر علی اور اسکی 5 سالہ بیٹی ماہی ملبے تلے دب گئے۔ ریسکیو ٹیم نے ملبے تلے دبے باپ بیٹی کو باہر نکالا تو 5 سالہ بچی زندگی کی بازی ہار چکی تھی جبکہ مضروب کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ اوکاڑہ میں آسمانی بجلی گرنے سے تین بچوں کا باپ جاں بحق ہو گیا۔ نواحی گائوں ڈھلیانہ کا رہائشی 32 سالہ شوکت اپنے والدین کے ہمراہ توحید برکس کمپنی پر کام کر رہا تھا اس کے والدین جو قریب ہی کام کر رہے تھے، معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ فیروزوالہ سے نامہ نگار کے مطابق جی ٹی روڈ کی آبادی شامکے میں آسمانی بجلی گرنے سے کھیتوں میں کام کرنے والا نوجوان افضال جاں بحق ہو گیا۔ بتایا گیا ہے آسمانی بجلی کی زد میں آکر نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ بارش وآندھی کے باعث چناب نگر کے نواحی علاقہ چنگڑاں والا میں مختارکی چھت گر گئی جس کے باعث مختار کی بیوی منور بی بی کی ٹانگ ٹوٹ گئی جبکہ بیٹا زخمی ہو گیا۔ چیچہ وطنی میں بارش اور ژالہ باری سے گندم کی فصلیں زمین بوس ہو گئیں۔ بھکر‘ پیر محل سمیت متعدد مقامات پر ژالہ باری سے کھڑی فصلیں متاثر ہوئیں۔
بارش، ژالہ باری، جھنگ، فیصل آباد، اوکاڑہ، فیروز والہ میں چھت، دیوار گرنے، آسمانی بجلی سے 4 جاں بحق
Apr 08, 2020