کابل گوردوارے پر حملے کو پاکستان سے جوڑنے کی بھارتی رپورٹ فتنہ، مسترد کرتے ہیں: دفتر خارجہ

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے کابل میں دہشت گرد حملے کو پاکستان کو جوڑنے کی کوشش قابل مذمت اور شرانگیز اور فتنہ ہے: ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم بھارتی میڈیا میں ان کی حکومت کے زیر اثر شائع ہونے والی رپورٹ مسترد کرتے ہیں جس میں 25 مارچ 2020ء کو کابل میں گوردوارے پر ہونے والے دہشت گرد حملے سے پاکستان کو جوڑنے کی کوشش کی گئی ہے۔ یہ قابل مذمت اور شرانگیز حرکت ہے۔ پاکستان نے گوردواے پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے جس میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔ اس بہیمانہ جرم کا ارتکاب کرنے والوں کو قانون اور انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہئے۔ بھارتی میڈیا میں جان بوجھ کر شائع کی جانے والی ایسی رپورٹس کا بنیادی مقصد پاکستان کو بدنام کرنا ہے۔ پاکستان کے خلاف بھارت کی مجموعی کردار کشی اور کیچڑ اچھالنے کی مہم کو سب جانتے ہیں۔ پاکستان کو دہشت گرد حملے میں ملوث کرنے کی مذموم بھارتی کوشش دراصل بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی اور ناقابل قبول اقدامات سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ ایسے ہتھکنڈوں کے ذریعے بھارت عالمی برادری کو گمراہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوگا۔ ادھر پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں گرفتار حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی سے متعلق انسانی حقوق پر تنظیموں کے مشترکہ بیان کا خیر مقدم کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن