عوام کو سہولیات کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کرینگے: فردوس عاشق

اسلام آباد/ سیالکوٹ (وقائع نگار خصوصی/نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کو کورونا سے محفوظ رکھنا اور ان کیلئے ریلیف کی فراہمی وزیراعظم کی پہلی ترجیح ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہاکہ عوام کی سہولیات کی راہ میں حائل کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی، صوبوں کے ساتھ تعاون و ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے مستحق افراد کے گھر گھر پہنچیں گے۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کرونا وائرس کے پیش نظر اپنے ڈیرہ کوبے چک میں صنعتکاروں اور ضلعی انتظامیہ سے خصوصی ملاقات کی اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے لئے باہمی تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے صنعتی برادری کو درپیش مسائل اور لاک ڈاؤن میں ڈیلی ویجز و مستحق لوگوں کو درپیش مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر چودھری محمد اخلاق،مرکزی رہنما عمر ڈار، عامر ڈار، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر ناصر محمود، ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) مستنصر فیروز اعوان، صدر چیمبر آف کامرس ملک محمداشرف اعوان، چودھری سلیم بریار، چیئرمین ائیر سیال و دیگر صنعتکاروں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

ای پیپر دی نیشن