اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ’’کووڈ۔ 19‘‘ کرونا وائرس کی آفت پر قابو پانے کی کوششوں کے دوران ہر شہری ہمارے لئے اہمیت رکھتا ہے۔ یہ قوم ایسے متحرک نوجوانوں اور پرعزم عوام پر مشتمل ہے جو ہمہ وقت ہر قربانی دینے کیلئے تیار رہتی ہے جس کی بدولت ہم انشاء اللہ اس چیلنج سے زیادہ مضبوط ہو کر نکلیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز 231 ویں کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صدارت کی جب کہ کور کمانڈرز نے کور ہیڈ کوارٹرز سے ویڈیو لنک کے ذریعہ کانفرنس میں شرکت کی۔ شرکاء کانفرنس نے جیو سٹرٹیجک صورتحال، خطہ اور قومی سلامتی کے حالات، بالخصوص ’’کووڈ۔19‘‘ سے پیدا شدہ صورتحال پر غور کیا اور سول انتظامیہ کی مدد کیلئے ملک بھر میں فوجی دستوں کی تعیناتی کے معاملہ کا بھی جامع انداز میں جائزہ لیا۔ شرکاء کو اس وباء کے سدباب کیلئے قومی کوششوں کو مربوط کرنے کی خاطر قائم کئے گئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ آرمی چیف نے فیلڈ میں متعین کئے دستوں کی اب تک کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تمام کمانڈروں کو ہدایت کی کہ وہ ملک بھر اور خصوصاً گلگت بلتستان، اندرون سندھ، آزاد جموں و کشمیر اور بلوچستان جیسے دور دراز علاقوں میں عوام کی مشکلات پر قابو پانے اور تمام تر ضروری وسائل پہنچانے کیلئے بھرپور تعاون کریں۔ کور کمانڈرز کانفرنس نے اس نہایت مشکل صورتحال میں بہت بہادری سے اس وباء کے سدباب اور اس وبا پر قابو پانے کیلئے فرنٹ لائن پر موجود ڈاکٹروں، نیم طبی عملہ، ہیلتھ ورکرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عملہ کی شاندار الفاظ میں تعریف کی اور کشمیری عوام کو خراج تحسین پیش کیا جو نہ صرف بھارتی قتل و غارت گری کے باوجود اس وباء کا مقابلہ کر رہے ہیں بلکہ اپنے جائز حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کو بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر فوج نے ہنگامی طور پر بلوچستان میں ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملہ کو درکار حفاظتی سامان اور آلات بھجوا دیئے ہیں۔ ساتھ ہی آرمی چیف نے یہ پیغام بھی دیا ہے کہ مشکل حالات میں ہم سب کو ثابت قدم رہنے کی ضرورت ہے۔ یہ بات پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے ایک ٹویٹ میں کہی ہے۔ بری فوج کے سربراہ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کیخلاف جنگ میں ڈاکٹر اور طبی عملہ صف اول کے سپاہی ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں سب کو صبر کا مظاہرہ کرنا اور ثابت قدم رہنا ہو گا۔ ترقی یافتہ ممالک کو بھی اس وبا سے نمٹنے میں مشکلات درپیش ہیں۔ حکومت پاکستان تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ہمیں اس مشکل گھڑی میں صبروتحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔