اسلام آباد ‘ملتان (وقائع نگار خصوصی+ این این آئی+ اے پی پی+ سپیشل رپورٹ) پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 4 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد57 ہوگئی۔ مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد4009 تک پہنچ گئی ہے۔ ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ سندھ اور خیبرپی کے میں 17،17، پنجاب میں 15، گلگت میں 3، بلوچستان ایک اور اسلام آباد میں پہلی ہلاکت سامنے آگئی۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے اب تک مزید 238 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں سے خیبرپی کے میں 95 کیسز ایک ہلاکت، بلوچستان 10، کشمیر 3 اور اسلام آباد میں ایک کیس رپورٹ ہوا جب کہ پہلی ہلاکت بھی ہوئی۔ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے مزید 95 کیسز رپورٹ ہوئے اور ایک ہلاکت بھی ہوئی جس کی تصدیق وزیر صحت تیمور خان کی جانب سے کی گئی۔ وزیر صحت کے مطابق صوبے میں نئے کیسز کے بعد کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 504 ہوگئی ہے، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں کرم سے تعلق رکھنے والا 70 سالہ مریض انتقال کرگیا جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 17 ہوگئی۔ وزیر صحت کے مطابق خیبرپی کے میں اب تک کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 69 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت سامنے آئی ہے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کی گئی ہے جب کہ شہر میں ایک اور کیس سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 83 ہوگئی ہے۔ بلوچستان میں کورونا کے مزید 10 کیسز سامنے آئے ہیں صوبے میں نئے کیسز کے بعد کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد204 ہوگئی ہے، اب تک ایک ہی ہلاکت ہوئی ہے۔ دوسری جانب صوبے میں کورونا وائرس سے اب تک 60 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ آزاد کشمیر میں اب تک کورونا کے مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 19 ہوگئی ہے۔ پنجاب میں مزید 86 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2004 سندھ میں مزید 54 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسلام آباد میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت سامنے آئی ہے جہاں پمز ہسپتال میں زیر علاج سابق برطانوی کونسلر خاتون شبنم صادق انتقال کرگئیں۔ پمز ہسپتال کے حکام کے مطابق خاتون 12 مارچ کو برطانیہ سے وطن واپس پہنچی تھیں اور کورونا وارڈ میں 24 روز تک وینٹی لیٹر پر زیر علاج رہیں، خاتون کے پھیپھڑوں پر وائرس کا گہرا اثر ہوا تھا۔ رحیم یار خان میں کرونا وائرس میں مبتلا دوسرا مریض بھی منگل کے روز شیخ زید ہسپتال میں جاں بحق ہوگیا۔ واضح رہے میڈیسن کمپنی کے منیجر اکرم بھٹی میں پچھلے دنوں کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے پر ہسپتال میں زیر علاج تھا۔ اس سے پہلے شمیم بیگم نامی خاتون بھی جاں بحق ہو چکی ہے ۔ متاثرہ افراد کو گھر میں ہی قرنطینہ کر دیا گیا۔ سینئر میڈیکل ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز بلدیہ کراچی ڈاکٹر سلمی کوثر نے عباسی شہید ہسپتال کی خاتون ڈاکٹر اور خاندان کے دیگر افراد میں وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے تمام 11 افراد کا تعلق نارتھ ناظم آباد سے ہے۔دریں اثناء جنوبی پنجاب میں کرونا وائرس میں مبتلا خاتون سمیت2 افراد جاں بحق ہو گئے۔75 مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ مثبت آگئے۔ملتان سے تعلق رکھنے والی تین خواتین اور ایک نوجوان کو گزشتہ روز کرونا کے شبہ میں آئی سو لیشن وارڈ منتقل کیا گیا تھا ،جبکہ ایک مریضہ پہلے سے آئی سو لیشن وارڈ میں زیر علاج تھیں،تاہم منگل کے روز رپورٹس آنے پر پانچوں مشتبہ مریضوں میں کرونا کی تصدیق نہ ہونے پر چار افراد کو ڈسچارج جبکہ ایک مریضہ کو تشویشناک حالت ہونے پر آئی سی یو وارڈ منتقل کر دیا گیا۔رحیم یار خان سے بیورو رپورٹ، کرائم رپورٹرکے مطابق چند روز قبل حسن کالونی کے رہائشی60سالہ اکرم بھٹی کو کرونا وائرس میں مبتلا ہونے پر شیخ زید ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ وینٹی لیٹر پر تھا گذشتہ روزدم توڑگیا جس سے ضلع رحیم یار خان میں کرونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 2ہوگئی۔ بعد ازاں جاں بحق ہونے والے محمد اکرم کو انتہائی سخت انتظامات میں حسن کالونی کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ جاں بحق ہونے والے محمد اکرم کے بیٹے ڈاکٹر ولید اکرم جوکہ شیخ زید ہسپتال میں تعینات ہیں میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوجانے پر انہیں شیخ زید ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔گگو منڈی سے نامہ نگارکے مطابق نواحی گائوں 231۔ای بی کی رہائشی رضیہ بی بی سول ہسپتال میں بطور وارڈ سرونٹ ملازمہ ہے جس کی بیٹی ساجدہ بی بی مبینہ طور پر تقریباً10سال سے ٹی بی اور دل کی مریضہ ہے جو سول ہسپتال میں زیر علاج تھی جسے ڈاکٹرز نے کرونا وائرس کے شبہ میں قیوم ہسپتال ساہیوال منتقل کر دیا جہاں تقریباً 3گھنٹے بعد اس نے دم توڑ دیا۔ متوفیہ کی لاش کو گگو منڈی کے نواحی گائوں 231۔ای بی میں پولیس اور محکمہ صحت کے اہلکاران کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ دریں اثناء نواحی گائوں کے تبلیغی مرکز میں قیام پذیر تبلیغی جماعت کے مزید سات افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے گذشتہ روز 25 افراد کے کرونا ٹیسٹ کے لئے لیبارٹری بھجوائے گئے تھے جنکی رپورٹ محکمہ صحت کو موصول ہوگئی ہے سات متاثرہ افراد کو ڈی ایچ کیو ہسپتال وہاڑی منتقل کیا جارہا ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث اموات کی شرح 1.4 فیصد ہے۔ ملکی سطح پر اب تک 3 ہزار 464 افراد کورونا وائرس سے متاثرہ ہیں، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 سو 77 مریضوں کا اضافہ ہوا ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ملک میں اس وقت 18 لیبارٹریاں ہیں جو کورونا وائرس کیلئے پی سی آر ٹیسٹ کر سکتی ہیں۔ پنجاب میں چکن اور میٹ کی دکانیں رات آٹھ بجے تک کھلی رہیں گی۔ چیف سیکرٹری پنجاب اعظم سلیمان خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری لائیو سٹاک ندیم ارشد کیانی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ لاک ڈائون کے دوران چکن اور میٹ کی دکانیں صبح 9بجے سے رات 8بجے تک کھلی رہیں گی۔