اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ/ آن لائن) فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اہداف کے حصول کیلئے پاکستان کیلئے نرمی کر دی گئی۔ ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو اکتوبر تک مہلت دیدی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان جون کی بجائے اکتوبر تک اہداف کا حصول یقینی بنائے گا۔ پاکستان کو 27 اہداف کے حصول میں کرونا کی وجہ سے رعایت دی گئی۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے انڈسٹری کے ساتھ معاملات طے کرنے میں مشکلات ہیں۔ لین دین کو دستاویزی بنانے کیلئے مختلف صنعتوں سے مذاکرات میں مشکلات ہیں۔ مختلف وزارتیں اور محکمے ویڈیو لنک کے ذریعے رابطے میں ہیں۔ ڈالر سمگلنگ کی روک تھام کیلئے قوانین منظوری ہو چکے ہیں۔ حکام کے مطابق بیرون ملک 10 ہزار ڈالر سے زائد لے جانے کی اجازت کا قانون بھی منظور کر لیا گیا ہے۔ کالکدم تنظیموں کے اکاؤنٹ اور اثاثے منجمد کئے گئے۔ پاکستان کو منی لانڈرنگ اورو دہشت گردی کیلئے مالی معاونت کے خلاف 27 نکاتی ایکشن پلان پر عمل کیلئے چار ماہ کا اضافی وقت دیا تھا جس میں اس وقت پاکستان 14 پر عمل کر چکا تھا جبکہ 13 پر عمل کرنا باقی تھا اس حوالے سے ایک سینئر سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ پاکستان کی کارکردگی کا جائزہ 21 سے 26 جون تک بیجنگ میں ہونے والے ایف اے ٹی ایف اور یوریشین گروپ کے جوائنٹ ورکنگ گروپ اجلاس میں لیا جائے گا۔