لاک ڈاؤن: شب برأت کے موقع پر قبرستان جانے پر پابندی عائد

محکمہ داخلہ سندھ نے کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن میں شب برأت کے موقع پر قبرستان جانے پر پابندی عائد کردی۔محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفکیشن کے مطابق کورونا وائرس سے پیدا صورتحال کے پیش نظر مذہبی اجتماعات پرپابندی ہوگی اور مزارات پرعوام کا داخلہ ممنوع ہوگا۔محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ شب برأت کے موقع پرلوگوں کے قبرستان جانے پر بھی پابندی ہوگی۔خیال رہے کہ آج رات شب برات مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی جس پر علمائے کرام نے بھی عوام سے گھروں میں عبادت کرنے کی اپیل کی ہے۔دوسری جانب کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ شب برأت کے سلسلے میں پولیس گشت بڑھایا گیا ہے جبکہ لاک ڈاؤن کے حوالے سے 200 مقامات پر ناکہ بندی پہلے سے جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ روزانہ کی طرح شام 5 بجے کے بعد مکمل لاک ڈاون ہوگا اور شہریوں کو قبرستان جانے کی اجازت نہیں ہے لہٰذا شہریوں سے اپیل ہے عبادات کا سلسلہ گھروں پر ہی جاری رکھیں۔کراچی پولیس چیف نے مزید کہا کہ درخواست ہے مساجد میں بھی شب برأت کے حوالے سے لوگ جمع نہ ہوں.واضح رہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے سندھ سمیت ملک بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے تاہم اس کے باوجود مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔
 

ای پیپر دی نیشن