لاہور(خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی و سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ اپوزیشن اتحاد میں فساد قومی اور پنجاب اسمبلی کو بھی اپنی لپیٹ میں لے گا۔ اپوزیشن جماعتوں کی مفاداتی جنگ حکومت کیلئے آب حیات کا کام کر گئی ہے۔ حکومتی اتحاد ملک چلانے ، عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہے۔ پی پی ، مسلم لیگ (ن) کے سامنے قومی اہم تر مسائل کی کوئی ترجیح نہیں ،اسی وجہ سے سیاسی ،جمہوری ،پارلیمانی نظام بے وزن اور غیر متعلق ہوگیاہے۔ آئین ،سیاسی، جمہوری، پارلیمانی عمل کی حفاظت کے لیے قومی جماعتوں کو قومی ڈائیلاگ کرناہوں گے۔ بااختیار بلدیاتی نظام بااعتماد متفقہ قومی انتخابی اصلاحات کے ساتھ شفاف و غیر جانبدارانہ انتخابی نظام تمام جمہوری قوتوں کی گردن پر فرض اور قرض ہے۔ مستحکم اور خوشحال پاکستان قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے ضروری ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ عمران خان سرکار اقتصادی نظام کو سنبھالنے کی بجائے مزید تباہی کی طرف دھکیل رہی ہے۔