اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان ڈی ایٹ فورم کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، ہمیں دنیا کی بدلتی ہوئی ترجیحات کیلئے اور چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنے آپ کو تیار کرنا ہو گا۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو بنگلہ دیش میں 19ویں ڈی ایٹ وزارتی کونسل کے اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈی ایٹ ورچوئل اجلاس میں مصر، پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، انڈونیشیا، ملائیشیا، نائیجیریا اور ترکی شامل ہیں۔ وزیر خارجہ نے ڈی ایٹ وزارتی کونسل کے ورچوئل اجلاس سے "بدلتی دنیا کیلئے اشتراک، یوتھ اور ٹیکنالوجی کی اہمیت" کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم جہاں ٹیکنالوجی کی ترقی دیکھ رہے ہیں۔ وہاں غیر مساوی مواقع کی دنیا بھی ہمارے سامنے ہے۔کرونا وائرس کی عالمگیر وبا کی صورتحال نے اس تفاوت کو مزید بڑھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے ترقی پذیر ممالک کی عالمی اقتصادیات، بین الاقوامی سپلائی چین اور تعلیم کے شعبے میں موجودگی انتہائی کم ہے،یہ تفاوت، نہ صرف امیر اور غریب ممالک کے درمیان فرق کو بڑھاتی ہے بلکہ نوجوان نسل کی حوصلہ شکنی کا بھی باعث ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارے مستقبل کا دارومدار ہماری نوجوان نسل پر ہے، ہم انہیں جدیدٹیکنالوجی سے بہرہ ور بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم پاکستانی نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے مواقع مہیا کر کے خودمختار بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں ۔ہمیں دنیا کی بدلتی ہوئی ترجیحات اور چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنے آپ کو تیار کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا استعمال روابط کے فروغ کا اہم ذریعہ ہے اور خوشی کی بات یہ ہے کہ ڈی ایٹ اس پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ڈی ایٹ فورم کے تمام فیصلوں کی توثیق جبکہ پاکستان نے گذشتہ چار ماہ کے دوران، چار اجلاسوں کی میزبانی کی ہے،جو پاکستان کی ڈی ایٹ فورم کیساتھ گہری وابستگی کا مظہر ہے۔
شاہ محمود کا ڈی ایٹ وزارتی کونسل کے اجلاس سے ویڈیو لنک خطاب
Apr 08, 2021