اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)وفاقی وزیر بحری امور علی حیدر زیدی سے پاکستان میں تعینات نائب امریکی سفیر کی ملاقات کی،پاکستان میں تعینات نائب امریکی سفیر نے گوادر بندرگاہ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی وزیر بحری امور علی حیدر زیدی سے پاکستان میں تعینات نائب امریکی سفیر انجیلا ایگیلر نے بدھ کو ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری وزارت بحری امور رضوان احمد بھی موجود تھے ۔ وزارت بحری امور کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس دوران وفاقی وزیربحری امور کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہاں امریکی کمپنیوں کی مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی اور سمندری شعبے کی ترقی کے حوالے سے اپنے ویژن پر روشنی ڈالی اور پاکستان اور امریکہ کے مابین مشترکہ منصوبوں کی حوصلہ افزائی کی۔ملاقات کے دوران امریکی نائب سفیر کی جانب سے گوادر بندرگاہ میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا گیا۔ ملاقات میں گوادر کے ذریعے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے بے پناہ امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔ علی زیدی نے پاکستان کے سمندری کارکنان کو امریکی ویزوں کے حصول کے حوالہ سے درپیش مسائل سے متعلق امریکی نائب سفیر کو آگاہ کیا جس پر انہوں نے تعاون اور معاملہ کو متعلقہ حکام کے سامنے رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں روابط برقرار رکھنے اور دونوں ممالک کے مابین ورکنگ ریلیشن شپ مزید مستحکم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیر علی زیدی سے پاکستان میں تعینات نائب امریکی سفیر کی ملاقات
Apr 08, 2021