کراچی (نیوز رپورٹر )سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ انتہاپسندی اور انتشار پھیلانے والوںکو نکیل ڈالناہوگی، نفرتوں کو ختم اور عصبیت وتعصب کو ختم کرنے کیلئے اولیاء اللہ کی تعلیمات کو فروغ دیا جائے ،کراچی کے امن کو کسی طور بھی سبوتاژ ہونے نہیں دینگے ،کراچی کا امن ملکی ترقی اور معاشی استحکام سے جڑا ہے حکومت ملک بالخصوص کراچی میں انڈسٹریز اور فیکٹریاں لگانے کیلئے بیرونی انویسٹرز سے رابطے کرائے بے روزگاری کو ختم کر کے ہی مہنگائی پر کنٹرول کیا جاسکتا ہے ، مہنگائی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے غریب کیلئے گزارا مشکل ہوگیا ہے چینی ، آٹا ، دالیں ، سبزیوں سمیت کھانے پینے کی اشیاء عوام کی قوت ِ خرید سے باہر ہوچکی ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ قادری ہائوس سے عمائدین شہر سے ملاقات میں کیا، ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ورلڈ اکنومک آئوٹ لک سپورٹ کے مطابق رواں برس کے دوران بے روزگاری مزید بڑہے گی حکومت غریب کو روزگار فراہم کرنے کے نئے ذرائع تلاش کرے ،بے روزگاری کو ختم کر کے ہی مہنگائی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے حکمران عوام سے کئے گئے وعدے پورے کریں اور غریبوں کو رہنے کے لئے چھت اور روزگار فراہم کرے ، اقربا پروری اور کرپشن میں ملک کی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا ہے حکمران کرپشن کو ختم کرنے کے دعوے نہیں عملی اقدامات کرے ، کرپشن کو ختم کرنے کیلئے ہمیں پڑوس ممالک کی طرح سخت قوانین بنانے اور ان پر عملی جامع پہنانے کے لئے کام کرنا ہوگا پڑوس ملک میں کرپشن ثابت ہونے پر مجرم کی سزا موت ہے، ایسے ہی قوانین بنانا ہوں گے جس سے کرپشن کا دروازہ ہمیشہ کے لئے بند ہوجائے ۔