جنوبی افریقہ کو اس کی سرزمین پر2مرتبہ شکست دینے والی پہلی ایشیائی ٹیم بن گئی 

لاہور (سپورٹس رپورٹر)آسٹریلیا کی طرح قومی کرکٹ ٹیم نے بھی جنوبی افریقہ میں منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا۔ پاکستان ٹیم نے بابر اعظم کی قیادت میں جنوبی افریقہ کو تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز میں 1-2 سے شکست دی۔گرین شرٹس نے 1992 ء کے ورلڈکپ سے قبل دوبارہ بین الاقوامی کرکٹ میں انٹری لینے والی جنوبی افریقہ کو پہلی مرتبہ دوطرفہ ون ڈے سیریز میں  2013 ء میں شکست دی تھی۔ یہ سیریز قومی ٹیم نے پروٹیز کو ان کی ہی سرزمین پر زیر کرکے اپنے نام کی تھی۔اس فتح کے ساتھ پاکستان ٹیم جنوبی افریقہ کو اس کی سرزمین پر شکست دینے والی پہلی ایشیائی ٹیم بھی بن گئی تھی۔ تاہم اب اس حالیہ سیریز میں بھی شکست دے کر پاکستان کی پروٹیز کے خلاف ان کی سرزمین پر ون ڈے سیریز میں یہ دوسری کامیابی ہے۔ یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان کے علاوہ صرف آسٹریلیا وہ واحد ٹیم ہے جس نے جنوبی افریقہ کو اس کی سرزمین پر 2 یا اس سے زائد مرتبہ شکست دی ہے۔ آسٹریلیا جنوبی افریقہ کے خلاف 1996 ء میں 7 میچوں کی سیریز میں 3-4 سے کامیاب رہا، اسی طرح 2001 ء میں بھی 7 میچوں کی سیریز کھیلی گئی جس میں آسٹریلیا نے 1-5 سے کامیاب حاصل کی۔ کینگروز نے پروٹیز کو تیسری مرتبہ 2011ء میں تین میچوں کی سیریز میں 1-2 سے زیر کیا تھا۔ خیال رہے کہ بھارت نے جنوبی افریقہ کو اس کی سرزمین پر ون ڈے سیریز میں صرف ایک ہی مرتبہ شکست دی ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن