تربیلا(نامہ نگار)خیبرپختونخوا اسمبلی میں غازی کے جہازوں والا گروپ کے ایم پی اے فیصل زمان کیخلاف قتل کیس میں مزید پیش رفت۔ فیصل زمان کے قریبی مفرور ساتھی فرمان اللہ کی جائیداد کی ضبطگی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ تحصیلدار غازی انور خان نے انسداد دہشت گردی کی عدالت ایبٹ آباد کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے فرمان اللہ کے حصے کا گھر، موٹر گاڑیوں کی خرید وفروخت کے شو روم، اور ویلج کونسل کو پہائی کو دفتر کیلئے کرائے پر دی گئی جگہ کو سیل کر دیا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز تربیلا روڈ پر واقع فرمان اللہ کے ملکیتی ڈیپارٹمنٹل سٹور کو سیل کر دیا تھا۔ تحصیلدار غازی انور خان نے عدالت مذکورہ کے حکم پر تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن ( ٹی ایم اے) غازی کے سابق مفرور ملازم تنویر احمد کے پپلالہ گاں میں واقع گھر کا کمرہ بھی سیل کر دیا ہے۔ اس کاروائی کے دوران تحصیلدار غازی محکمہ مال کے عملہ اور ایس ایچ او تھانہ غازی شفیق الرحمن بھی پولیس کی نفری کے ہمراہ موجود تھے۔ واضح رہے کہ ایم پی اے فیصل زمان، فرمان اللہ اور تنویر احمد پر تحریک انصاف کے صوبائی رہنما ملک طاہر اقبال اور انکے قریبی ساتھی سردارگل نواز کے قتل کا الزام ہے۔ یہا ں یہ امر قابل ذکر ہے انسداد دہشت گردی کی عدالت نے دوہرے قتل کیس کا 8 اپریل سے باقاعدہ ٹرائل شروع کر دیا ہے۔
فیصل زمان کیخلاف قتل کیس میں پیش رفت،مفرور ساتھی کی جائیداد ضبطگی شروع
Apr 08, 2021