سیالکوٹ/ ساہیوال/ اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی+وقائع نگار+ نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ) گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے باعث پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں۔ ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے 102 اموات ہوئیں جن میں سے 32 اموات وینٹیلیٹرز پر موجود مریضوں کی تھیں۔ ملک بھر میں4 ہزار4 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے۔ ملک کے4 بڑے شہروں میں وینٹیلیٹرز پر کووڈ۔19 کے مریضوں کے تناسب کے لحاظ سے ملتان میں 70 فیصد,لاہور میں 69 فیصد، گوجرانوالہ میں 60 فیصد اور اسلام آباد میں58 فیصد مریض ہیں۔ اسی طرح سے ملک کے چار بڑے شہروں میں آکسیجن کی سہولیات والے بستروں پر کرونا کے مثبت کیسز کے تناسب کے لحاظ سے پشاور میں 82 فیصد، سوات میں59 فیصد، گجرات میں75 فیصد اور گوجرانوالہ میں 85 فیصد مریض ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ہفتے میں ایک دن ویکسی نیشن سنٹرز بند کرنے کی منظوری دے دی۔ جمعہ کو چھٹی والے دن سنٹرز میں ویکسین منتقلی اور دیگر مسائل حل ہوں گے۔ ملک بھر میں ہفتہ وار چھٹی کی منظوری دے دی۔ مجموعی اموات کی تعداد 15 ہزار 26 ہوگئی۔ پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد7 لاکھ 188 ہوگئی۔ دریں اثنا وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی بیٹی بختاور بھٹو کرونا کا شکار ہو گئیں جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا۔ خیبر پی میں کرونا کیسز میں اضافے کی وجہ سے 91 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون نافذ کر دیا گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں لاء افسر بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد محمود کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ راجہ خالد محمود نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا۔ اسلامیہ کالج پشاور کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر حبیب کرونا میں مبتلا ہونے کے بعد انتقال کر گئے۔ ڈاکٹر حبیب کے بھائی ڈاکٹر رشید نے کہا کہ ڈاکٹر حبیب میں دو دن پہلے کرونا کی تصدیق ہوئی تھی۔ مہلک وبا کرونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں ہلاکتیں 2886069ہو گئیں۔ کیسز 13کروڑ 30لاکھ 26ہزار سے تجاوز کر گئے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو ڈپٹی اٹارنی جنرل اور احتساب عدالت کے ایک نائب قاصد کرونا میں مبتلا ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد محمود اور ارشد محمود کیانی کاکرونا ٹسٹ مثبت آگیا جس پر دونوں نے اپنے آپ کو گھروں میں ہی قرنطینہ کرلیا۔ ادھر احتساب عدالت نمبر1کے نائب قاصد عبدالماجد کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر فاضل عدالت کے جج محمد بشیر نے عدالتی کمروں کوڈس انفیکٹڈ کرانے کے علاوہ عدالتی عملہ کی ڈیوٹیوں بھی روٹیٹ کردی ہیں اور پچاس فیصلہ عملہ ڈیوٹی دے گا۔ فیصل آباد میں دو بڑے الائیڈ اور سول ہسپتال میں گنجائش ختم ہونے پر گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد کو الرٹ کر دیا گیا۔ مریضوں کیلئے وارڈز خالی کرا لئے گئے۔ نڑوالہ روڈ پر رابعہ کلیک انیڈ الٹراسائونڈ کے ڈاکٹر ارشد منیر کرونا کی وجہ سے دس دن سے وینٹی لیٹر پر تھے گزشتہ روز حالت خراب ہونے پر جاں بحق ہوگئے۔ سیالکوٹ میں کرونا وائرس کی تیسری لہر انتہائی تشویشناک ہو چکی ہے۔ چالیس سے زائد مریض جان کی بازی ہاری جبکہ گزشتہ تین روز میں دس مریض جاں بحق ہوئے۔ گزشتہ روز 44مریض ہسپتالوں میں داخل ہوئے جن میں سے چار مریض 55سالہ بلقیس بی بی، 40سالہ نائلہ بی بی، 50سالہ محمد احسان اور 30سالہ مریم اسد جاں بحق ہو گئیں۔ ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال ساہیوال کے کرونا وارڈ میں داخل ایک مریض انتقال کر گیا۔ ٹی ایچ کیو ہسپتال میں 30 مریض داخل تین مریضوں کے ٹیسٹ مثبت آ چکے ہیں۔
کرونا اسلامیہ کالج پشاور کے سابق وی سی سمیت 102جاں بحق بختاور زرداری متاثر
Apr 08, 2021