عثمان بزدار کا پسماندہ علاقوں کیلئے نرسنگ کالجز کا 20فیصد کوٹہ مختص کرینکا اعلان


 لاہور (آئی این پی )عبوری وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب کے پسماندہ علاقوں کی طالبات کے لئے احسن ترین اقدام کیا ہے۔ وز یراعلی عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پرپسماندہ علاقوں کی طالبات کے لئے نرسنگ کالجز میں داخلے کیلئے 20فیصد کوٹہ مختص کر لیا گیا ہے۔ کابینہ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور نے نرسنگ کالجز میں 20 فیصد کوٹہ مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس حوالے سے عثمان بزدار نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پسماندہ علاقوں کی طالبات کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔ عبوری وزیراعلی پنجاب کا کہنا ہے کہ پسماندہ اور دوردراز علاقوں کے مریضوں کیلئے نرسنگ اسٹاف میسر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب پسماندہ علاقوں کے لوگوں کو صحت سمیت تمام تر سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ عثمان بزدار نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت پسماندہ علاقوں کے لوگوں کے حقوق کی نگہبان ہے۔

ای پیپر دی نیشن