واشنگٹن، کیف، برسلز (نوائے وقت رپورٹ، اے پی پی، آئی این پی، این این آئی) امریکہ نے یوکرائن کو 100 سوئچ بلیڈ ڈرون بھجوائے ہیں۔ جنرل اسمبلی نے روس کی انسانی حقوق کونسل کی رکنیت ختم کر دی۔ یوکرائن کے قصبے ہوسٹومل کی مقامی فوجی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ روسی قبضے کے 35 روز بعد قریب چار سو رہائشی گمشدہ ہیں۔ روس نے یوکرائن پر روسی جنگی قیدیوں پر تشدد کے الزام پر اقوام متحدہ، او ایس سی ای اور ریڈ کراس سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ یورپی کونسل کے صدر شارل میشل نے کہا کہ یورپی یونین کو روس کی گیس اور تیل کی برآمدات پر پابندی عائد کرنا ہوگی۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے روس کی انسانی حقوق کونسل کی رکنیت ختم کر دی۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یوکرائن میں روس کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے الزام میں اقدام کیا گیا۔ روس کی رکنیت ختم کرنے کی امریکی تجویز پر جنرل اسمبلی میں ووٹنگ ہوئی جس میں 193 میں سے 93 ممالک نے تجویز کے حق میں جبکہ 24 رکن ممالک نے امریکی تجویز کے خلاف ووٹ دیئے۔ پاکستان سمیت 58 ممالک نے ووٹنگ میں ایبسٹین کیا۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق ووٹنگ میں چین اور ایران نے امریکی تجویز کی مخالفت میں ووٹ دیا جبکہ بھارت ووٹنگ میں حصہ نہ لینے والے ممالک میں شامل تھا۔ روس نے اظہار افسوس کیا ہے۔ روسی صدارتی محل کریملن کے ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے فیصلے پر افسوس ہے۔ روس ہر ممکن قانونی ذرائع سے مفادات کا دفاع کرے گا۔