سٹوریج ٹینکس میں موجود پانی کو باغات‘ پارکس کیلئے استعمال کیا جائے: ہائیکورٹ 

Apr 08, 2022


لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک سمیت دیگر متفرق درخواستوں پر مساجد سے منسلک ٹینکس سے متعلق صاف پانی کو بچانے کے لیے انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینک تعمیر شدہ کو استعمال کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ ماحولیات، محکمہ پی ایچ اے سمیت دیگر متعلقہ افسران کو عدالتی احکامات بارے عمل درآمد رپورٹس طلب کرتے ہوئے سماعت 14 اپریل تک ملتوی کر دی ہے۔ شہری ہارون فاروق وغیرہ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے پی ایچ اے کو ہدایت کی ہے کہ سٹوریج ٹینکس میں موجود پانی کو باغات میں پارکس کے لیے استعمال کیا جائے، عدالت نے واساکو ری سائیکل پلانٹ نہ چلانے والے سروس سٹیشنوں کے خلاف کارروائی کا حکم بھی دیا ہے۔ عدالت نے غیر قانونی چنگ چی رکشوں کے خلاف مہم کو جارے رکھنے کے احکامات بھی جاری کئے ہیں، آئندہ سماعت پر بڑے بڑے پلازوں پر مصنوعی گھاس لگانے کے اثرات سے متعلق ایل ڈی اے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ ایل ڈی اے آسٹرو ٹرف اور روف گارڈننگ سے متعلق جلد عمل درآمد کرے۔ عدالت نے پی ایچ اے کو حکم دیا کہ گرین بیلٹس پر ممکن جگہوں پر میاواکی فارسٹ لگایا جائے۔ دوران سماعت ایم سی ایل کی رپورٹ پیش کی گئی جس میں کہا گیا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے لاہور شہر میں 27 مختلف مقامات پر ریڑھی بازار کا انعقاد کیا جا رہا۔ ایک ہزار کے قریب ریڑھی بانوں کو رجسٹرڈ بھی کر لیا گیا ہے۔

مزیدخبریں