مزید 2کشمیری شہید: پنڈتوں کو وادی میں واپس لانے کیلئے 1025گھر تعمیر

Apr 08, 2022


نئی دہلی‘سرینگر (این این آئی‘کے پی آئی)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ضلع شوپیاں میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی شروع کی۔ بھارتی فوجیوں نے علاقے میں گولیاں بھی چلائیں جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ قابض فوج نے پلوامہ کے علاقہ اری گام میں مزید 2 نوجوانوں کو شہید کردیا۔ دوسری جانب بھارتی حکومت نے جموں و کشمیر سے فرار ہوئے کشمیری پنڈتوں کی کشمیر واپسی کے لئے 1025 گھروں کی تعمیر مکمل کر لی ہے جبکہ2,828  پنڈتوں کو سرکاری ملازمت فراہم کر دی ہے۔ بھارتی حکومت نے جموں و کشمیر میں 610  مختلف جائیدادوں کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے جبکہ جموں و کشمیر میں سڑک کے حادثے میں زخمی ہونے والا پولیس اہلکار سرینگر میں ایک ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔  جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس نے کہا نریندر مودی کی مقرر کردہ موجودہ حکومت علاقے کو اتر پردیش بنا رہی ہے۔ نیشنل کانفرنس کے ترجمان گگن بھگت نے جموں میں ایک میڈیا انٹرویو میں کہا جب سے منوج سنہا نے زیرقبضہ کشمیرکے لیفٹیننٹ گورنر کا عہدہ سنبھالا ہے تب سے علاقے میں اتر پردیش کے باشندوں کو خصوصی مراعات فراہم کی جا رہی ہیں۔

مزیدخبریں