برلن/روم (آئی این پی)جرمن ریسکیو آرگنائزیشن ’سی آئی‘ کا کہنا ہے کہ اس کی ایک کشتی کو ایک ہفتے سمندر میں رہنے کے بعد اٹلی کے شہر سسلی میں لنگر انداز ہونے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ کشتی میں 106 تارکین وطن سوار ہیں۔ ریسکیو شپ ’سی آئی فور‘ نے ایک کنٹینر کشتی سے چند تارکین وطن کو اٹھایا جو اس میں سوار ہو کر بحیرہ روم پار کرنے کی کوشش میں تھے۔ دوسرے ریسکیو آپریشن میں بائیس بچوں سمیت مزید 75تارکین وطن کو ایک ربڑ کی کشتی سے سی آئی فور میں منتقل کیا گیا۔ سی آئی بحیرہ روم میں کام کرنے والی متعدد نجی ریسکیو تنظیموں میں سے ایک ہے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اس سال وسطی بحیرہ روم کے خطرناک راستوں سے 417 افراد لاپتہ ہوچکے ہیں۔