تہران(این این آئی) ایران نے کہا ہے کہ اس نے اپنی غیراعلانیہ جوہری تنصیبات سے متعلق دستاویزات اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے کو بھیج دی ہیں اور اس کی بدولت وہ 2015 کے جوہری معاہدے کی بحالی کے مزید ایک قدم قریب پہنچ گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایران کے جوہری توانائی کے ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نے کہا کہ ہم نے 20 مارچ کو وہ دستاویزات فراہم کیں جو ہمیں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کو بھیجنی تھیں۔انہوں نے ایک نیوز کانفرنس میں مزید کہا کہ زیادہ تر امکان یہی ہے کہ ایجنسی کے نمائندے جوابات کا جائزہ لینے کے بعد اپنی حتمی رپورٹ تیار کرنے کے لیے ایران آئیں گے۔محمد اسلامی نے کہا کہ مارچ میں ایران اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے درمیان طے پانے والا ایک معاہدہ چار تنصیبات سے متعلق مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک جگہ کے بارے میں ابہام اب حل ہو چکا ہے اور ہم پر امید ہیں کہ(باقی مسائل سے متعلق)دیگر تین تنصیبات کو 21 جون تک بند کر دیا جائے گا۔
ایرانی غیراعلانیہ جوہری تنصیبات کی دستاویزات اقوام متحدہ کے سپرد
Apr 08, 2022