لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سٹیٹ بنک آف پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ ڈالر کی قیمت میں تیزی سے اضافہ کو کنٹرول کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ انٹربینک ڈالر ریٹ خطرے کی گھنٹی بجارہا ہے، معاشی بحران سے بچنے کیلئے سٹیٹ بنک کو فوری طور پر حرکت میں آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصہ کے دوران ڈالر کی قیمت میں تیزی سے اضافہ نے صنعتی شعبہ کو متاثر کیا۔ قرضوں میں خود بخود اضافہ ہوا، ضروری خام مال کی درآمدات متاثر ہوئیں ، افراط زر کی شرح بڑھی جبکہ صارفین کی قوت خرید میں بھی کمی آئی۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں تیزی سے اضافہ کے منفی اثرات سے صنعت و تجارت اور زراعت سمیت کوئی بھی محفوظ نہیں رہا، پاکستان کو ضروریات پوری کرنے کیلئے تیل ، کھاد، اشیائے خورد و نوش، مشینری اور صنعتی خام مال درآمد کرنے پڑتے ہیں ، یہ تمام اشیاء مہنگی ہوئیں، جس سے تمام طبقات متاثر ہوئے۔
سٹیٹ بنک ڈالر کو کنٹرول کرے ،اضافہ سے صنعتی شعبہ متاثر
Apr 08, 2022